وزیراعلی خیبرپختونخواکی سیکرٹریٹ ملازمین کی بس میں بم دھماکے کی شدیدمذمت

ظالمانہ ، بزدلانہ کاروائیوں سے عزائم متزلزل نہیں ہوسکتے ، سیکورٹی ادارے اس سے بخوبی نمٹ رہے ہیں،پرویزخٹک

بدھ 16 مارچ 2016 18:52

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مارچ۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے پشاورمیں سیکرٹریٹ ملازمین کی بس میں بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک بہیمانہ اورظالمانہ فعل قرار دیاہے۔ ایک مذمتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس طرح کی ظالمانہ اوربزدلانہ کاروائیوں سے ہمارے عزائم متزلزل نہیں ہوسکتے اورہمارے سیکورٹی ادارے اس سے بخوبی نمٹ رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری فوج اوردیگر سیکورٹی ادارے عوام کی جان ومال کے تحفظ کے لئے پرعزم ہیں اوردہشت گردی کے خلاف کامیابیاں حاصل کررہے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے ان کے صبر جمیل کے لئے دعاکی ہے اورزخمیوں کوبہترین طبی امداد فراہم کرنے کے لئے تمام طبی اداروں کی انتظامیہ کوہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے دھماکے میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ۔