پاکستان ناروے کو بااعتماد دوست اور شراکتی پارٹنر تسلیم کرتا ہے،سپیکر قومی اسمبلی ..
تازہ ترین : 1

پاکستان ناروے کو بااعتماد دوست اور شراکتی پارٹنر تسلیم کرتا ہے،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق

اسلام آباد ۔ 16 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 مارچ۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان ناروے کو اپنا بااعتماد دوست اور شراکتی پارٹنر تسلیم کرتا ہے اور پارلیمانی و اقتصادی تعاون کو فروغ دے کرموجودہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا چاہتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ناروے کے سفیر تورے نیدریبو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر سے ملاقات کی۔

سپیکر نے ناروے کی طرف سے مشکل وقت میں پاکستان کی فرخدالانہ امداد کو سر اہا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں اقتصادی تعاون میں اضافہ خوش آئند ہے تاہم اس میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستان میں توانائی کی قلت کے خاتمے کے لئے ناروے کے تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔ سپیکرنے دونوں ممالک میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لئے سیاسی قیادت، اراکین پارلیمنٹ اور عوامی سطح پر روابط میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کے وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ کے مابین مسلسل رابطوں سے انہیں ایک دوسر ے کے تجربات سے مستفید ہونے کے مواقع حاصل ہوں گے اور باہمی آہنگی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ناروے کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ ناروے کے سفیر نے اپنی حکومت کی طرف سے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو عوامی روابط کے ذریعے مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سماجی واقتصادی شعبوں میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

انہوں نے ناروے میں مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ناروے میں مقیم پاکستانی تارکین وطن ناروے کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کر سر اہا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سالوں میں پاکستان میں جمہوریت مستحکم ہوئی ہے اور اقتصادی ترقی میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون میں اضافے کے وسیع مواقع موجود ہیں جنہیں باہمی مفادات کے لئے بروئے کار لا نے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سپیکرکو عالمی فورمز پر ناروے کی طرف سے پاکستان کی بھرپور حمایت کا بھی یقین دلایا۔

وقت اشاعت : 16/03/2016 - 16:26:22

اپنی رائے کا اظہار کریں