پاکستان اور ترکمانستان کے مابین توانائی اور فنانشل انٹیلی جنس بارے مفاہمت کی 7 یادداشتوں اور تعاون کے ایک پروگرام پر دستخط

بدھ 16 مارچ 2016 16:14

اسلام آباد ۔ 16 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 مارچ۔2016ء) پاکستان اور ترکمانستان نے توانائی اور فنانشل انٹیلی جنس کے بارے میں مفاہمت کی 7 یادداشتوں اور تعاون کے ایک پروگرام 2016-17ء سمیت باہمی تعاون کے 8 معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔ وزیراعظم محمد نواز شریف اور ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمدوف بھی وزیراعظم ہاؤس میں دستخطوں کی تقریب میں موجود تھے جبکہ دونوں اطراف نے دستاویزات اور مشترکہ اعلامیہ پر بھی دستخط کئے۔

خارجہ امور کی وزارتوں کے درمیان تعاون کے پروگرام 2016-17ء پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی اور ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میریدوف نے دستخط کئے۔ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کے لئے فنانسنگ سے متعلق فنانشل انٹیلی جنس کے تبادلے کے شعبہ میں تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کے ترکمن ہم منصب محمد علی محمدوف نے دستخط کئے۔

(جاری ہے)

توانائی کے میدان میں تعاون کے بارے میں ایم او یو پر وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی اور ترکمانستان کے وزیر تیل و گیس معراجلدی میریدوف نے دستخط کئے۔ پاکستان کی نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز (نمل) اور ترکمانستان کی میگتمگلی ترکمن یونیورسٹی کے درمیان ایم او یو پر ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) ضیاء الدین نجم اور ریکٹر ایم ٹی ایس یو گرتنیاز ہین مردوف نے دستخط کئے۔

انسٹیٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈپلومیٹک سٹڈیز پاکستان نے انٹرنیشنل یونیورسٹی فار ہیومنٹیرین اینڈ ڈویلپمنٹ اشک آباد اور انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز وزارت خارجہ امور ترکمانستان کے ساتھ دو الگ ایم او یوز پر دستخط کئے۔ یہ دستخط صدر آئی پی ڈی ایس فرحت آصف، ریکٹر آئی یو ایچ ڈی احسن آئیدوف دیف اور ریکٹر آئی آئی ٹی بابا ظہوروف نے کئے۔ کامسیٹس انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ترکمن اسٹیٹ انسٹیٹیوٹ آف اکنامک اینڈ مینجمنٹ کے درمیان ایم او یو پر ریکٹر کامسیٹس جنید زیدی اور ریکٹر ترکمن انسٹیٹیوٹ اویس گیلدی اسحان گلیوف نے دستخط کئے۔

کامسیٹس سینٹر آف پالیسی سٹڈیز اور ترکمانستان کے انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے درمیان دستاویز پر ریکٹر جنید زیدی اور بابا ظہوروف نے دستخط کئے۔

متعلقہ عنوان :