ماہی گیر ٹرالر ڈبونے پر چین کا ارجنٹائن سے احتجاج

ٹرالر پر سوار عملے اور تمام ماہی گیروں کو بچا لیا گیا

بدھ 16 مارچ 2016 15:33

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مارچ۔2016ء) چین نے ارجنٹائن کی طرف سے چینی ٹر الر کو ڈبونے کے واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیا ہے، یہ واقعہ گذشتہ روز ارجنٹائن کے ساحل کے قریب پیش آیا جہاں ارجنٹائن کے کوسٹ گارڈ نے ایک چینی ٹر الر کا تعاقب کیا جو سمندر میں مچھلیاں پکڑ رہا تھا ، انہوں نے تعاقب کر کے ٹریلر پر فائرنگ کر دی جس سے وہ سمندر میں ڈوب گیا ، چینی ٹریلر پر عملے کے 4 جبکہ28ماہی گیر سوار تھے ، حادثے میں کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ، عملے کے افراد کو ارجنٹائن کے کوسٹ گارڈ عملے نے بچا لیا جبکہ ماہی گیروں کو ایک چینی کشتی نے ریسکیو کیا ۔

(جاری ہے)

ارجنٹائن کے حکام اس واقعہ پر چینی سفارت خانے سے رابطے میں ہیں ، چینی سفارتخانے نے حادثے کی فوری تحقیقات اور ٹر الر میں سوار عملے اور دیگر افراد کو محفوظ مقام تک پہنچانے اور علاج معالجے کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے کا کہا ہے ۔ چینی سفارتخانے نے ارجنٹائن کے حکام پر زوردیا ہے کہ وہ ایسے اقدامات کریں کہ آئندہ اس قسم کے واقعات رونما نہ ہوں ۔