لاہور میں پی ایچ اے کی جانب سے جشن بہاراں کینال میلہ سچ گیا

بدھ 16 مارچ 2016 14:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 مارچ۔2016ء)ہپی ایچ اے کی جانب سے جشن بہاراں کے سلسلے میں لاہور ہربنس پورہ سے ڈیال ہاوٴس تک کینال میلہ سج گیا،کینال میلے کا افتتاح پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کیاٹریفک کے پریشر کو مد نظر رکھتے ہوئے کینال میلے کی جگہ تبدیل کی گئی ہے۔ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کی جانب سے جشن بہاراں کے سلسلے میں ہربنس پورہ سے ڈیال ہاوٴس تک نہرکو سجا دیا گیا ہے۔

کینال میلے کا افتتاح پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کیا۔ خواجہ عمران نذیر نے ریموٹ کے ذریعے لائیٹس آن کیں تو نہر بقعہ نور بن گئی۔ اس موقع پر خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے مال روڈ اور جیل روڈ کے درمیان نہر کو سجایا جاتا تھا جس سے ٹریفک جام کے مسائل پیدا ہوتے تھے۔

(جاری ہے)

کینال میلے کو دیکھنے کے لیے خواتین ، بچوں اور بڑوں کی کثیر تعداد ہربنس پورہ پہنچی جن میں زیادہ تر ملحقہ آبادیوں کے لوگ شامل تھے۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ پی ایچ اے کا ہربنس پورہ نہر پر میلہ سجانا بہت اچھا فیصلہ ہے۔ بچے بھی بڑی تعداد میں اپنے والدین کے ساتھ کینال میلہ سے لطف اندوزہونیوالوں میں شامل تھے جنہوں نے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔کینال میلے کے موقع پرنہ صرف درختوں کوسجایا گیا ہے بلکہ نہر میں مزار قائد ، بادشاہی مسجد ، شاہی قلعہ ، گاوٴں کے مناظر ، اور پھولوں کے ماڈلز چھوڑے گئے ہیں جن پر لگے رنگ برنگے برقی قمقمے خوبصورت نظارہ پیش کر رہے ہیں۔