کشتواڑ میں مسلم کش فساد میں ملوث مجرموں کی سرپرستی بی جے پی کے رہنماکررہے ہیں، انجینئر رشید

بدھ 16 مارچ 2016 14:52

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 مارچ۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اورنام نہاد اسمبلی کے رکن انجینئر رشید نے کہا ہے کہ کشتواڑ میں مسلم کش فساد میں ملوث مجرموں کی سرپرستی بی جے پی کے رہنما کررہے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق انجینئر رشید نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاڈر کشتواڑ کے ایک عام شہری لسہ کھانڈے کے قتل ناحق میں پولیس کو مطلوب ہری کرشن عرف قصورو کو بھارتی وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر اور سینئر بی جے پی رہنما ڈاکٹر جتندر سنگھ کے گھر میں پایا گیا ہے جو نہ صرف مظلوموں کے زخموں پر نمک پاشی ہے بلکہ اس سے یہ بات ثابت ہوجاتی ہے کہ پولیس بی جے پی کی بی ٹیم ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھانڈے کے قتل کے حوالے سے پولیس کے پاس ہری کرشن کے خلاف باضابطہ کیس درج ہے اور پولیس کے مطابق اسکی تلاش بھی جاری ہے تاہم مذکورہ مجرم کی بھارتی وزیر کے گھر میں موجودگی سے یہ بات سمجھ آجاتی ہے کہ پولیس اس کو پکڑنے میں کتنی سنجیدہ ہے۔

(جاری ہے)

انجینئر رشید نے بھارت نواز نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کی اس معاملے پر خاموشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے مجرموں کو پناہ دینے کے جرم میں جتندر سنگھ اور سابق کٹھ پتلی وزیر سنیل کمار اور ڈوڈہ و بھدرواہ کے نام نہاد اسمبلی کے ارکان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ عنوان :