پیمرا کا نیب کی شکایت پر سما ٹی وی کو معافی نشر کرنے کا حکم

احکامات کی پیروی نہ کرنے کی صورت میں کونسل کی پیمرا کو مجوزہ قوانین کے تحت مزید کاروائی کی سفارش

بدھ 16 مارچ 2016 13:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مارچ۔2016ء) پیمرا کونسل آف کمپلینٹس اسلام آباد نے قو می ا حتساب بیورو (نیب) کی طرف سے سما ء ٹی وی کے خلاف چیئرمین نیب کے حوالے سے بے بنیاد اور ہتک آمیزخبریں نشر کرنے پر دائر کردہ دو مختلف شکایات کی سماعت کرتے ہو ئے سما ٹی وی کو اسی طرز پر فوری طور پر معافی نشر کرنے کا حکم دیا ہے۔احکامات کی پیروی نہ کرنے کی صورت میں کونسل نے پیمرا کو مجوزہ قوانین کے تحت مزید کاروائی کی بھی سفارش کی ۔

نیب کی جانب سے پیمرا کو دائر کردہ شکایت مورخہ9ستمبر2015میں سما ء ٹی و ی پر چیئرمین نیب کے خلاف مورخہ8 ستمبر 2015کو رات 8سے 9 بجے کے دوران جھوٹی اور غیرمصدقہ خبریں نشرکرنے پر پیمرا قوانین کے مطابق کاروئی کے لیے درخواست کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

شکایت کے مطابق ،سماء ٹی وی نے ڈاکٹر عاصم سے تفتیش کے حوالے سے چیئرمین نیب پر مبینہ طور پر مالی کرپشن میں ملوث ہونے کی غلط اور بے بنیاد خبر نشر کی جس کی ترجمان سندھ رینجرز نے فوری طور پر تردید بھی کی تھی۔

سما ء ٹی وی کے خلاف دائر کردہ ایک اور شکایت مورخہ 30نومبر2015میں نیب نے سما ء ٹی وی کی جانب سے مورخہ 18 نومبر2015کو ایک مرتبہ پھر چیئرمین نیب کی شہرت اور نیک نامی کو من گھڑت اور بے بنیاد خبر کے ذریعہ متاثر کرنے کی کوشش کی جس کی ترجمان واپڈا نے فوری طور پر تردید بھی کی۔کونسل نے دونوں شکایت کی سماعت اور شواہد کو دیکھنے کے بعدسماء ٹی وی کو اسی طرز پر فوری طور پر معافی نشر کرنے کا حکم دیا ہے۔احکامات کی پیروی نہ کرنے کی صورت میں چینل کے خلاف مزید کاروائی کی جائے گی ۔ کونسل آف کمپلینٹس معروف اور معزز شہریوں پر مشتمل ایک آزاد اور خودمختار فورم ہے اور یہ کسی بھی صورت پیمرا کے ملازمین نہیں ہوتے۔

متعلقہ عنوان :