چیمپئنز لیگ میں سعودی عرب اور ایران کا میچ نیوٹرل مقام پر کھیلا جائیگا ، ایشیائی فٹبال فیڈریشن

بدھ 16 مارچ 2016 12:46

چیمپئنز لیگ میں سعودی عرب اور ایران کا میچ نیوٹرل مقام پر کھیلا جائیگا ..

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 مارچ۔2016ء)ایشیائی فٹبال فیڈریشن نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے باہمی تعلقات میں کشیدگی کی وجہ سے چیمپیئنز لیگ کے دوران دونوں ممالک کے فٹبال کلبوں کے باہمی میچ نیوٹرل مقامات پر کھیلے جائیں گے۔اے ایف سی نے رواں برس جنوری میں متنبہ کیا تھا کہ اگر دونوں ممالک اپنے تعلقات میں بہتری نہیں لاتے تو یہ میچ منتقل کیے جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈیڈ لائن گزرنے کے بعد فٹبال تنظیم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بدقسمتی سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کے کوئی آثار دکھائی نہیں دیے ہیں اس لیے میچ کسی تیسرے ملک میں منعقد کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔تنظیم نے کہا ہے کہ ’اے ایف سی کو پتہ چلا ہے کہ سعودی حکومت نے تاحال اپنے شہریوں کے ایران کا سفر کرنے پر پابندی عائد کی ہوئی ہے اور فٹبال ٹیموں کو اس سلسلے میں کوئی استثنیٰ نہیں دیا گیا۔‘اے ایف سی نے ایران اور سعودی عرب کی فٹبال ایسوسی ایشنز کے حکام کو 25 مارچ تک ان ’نیوٹرل‘ مقامات کی تفصیل فراہم کرنے کو کہا ہے جہاں میچ منعقد کروائے جا سکتے ہیں۔