عالمی برادری مہاجرین کی مدد کے معاملے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، انجیلینا جولی

بدھ 16 مارچ 2016 11:41

عالمی برادری مہاجرین کی مدد کے معاملے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، ..

بیروت۔ 16 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 مارچ۔2016ء) ہالی وْڈ کی مشہور و معروف اداکارہ اور اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے مہاجرین کی خیر سگالی کی سفیر انجیلینا جولی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری کو مہاجرین کے بحران کی بنیادی وجوہات کا حل تلاش کرنے کی کوشش کرنی چاہیے،ہم سفارت کاری اور سیاسی حل کے بجائے صرف امداد سے دنیا کے مسائل کا حل تلاش نہیں کر سکتے۔

جرمن ذرائع ابلاغ کے مطابق انہوں نے یہ بیان لبنان میں وادی بقاع میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہی۔انجیلیناجولی نے کہا کہ وہ امید کر رہی تھیں کہ وہ شامی جنگ سے متاثرہ افراد کی مدد کرتے ہوئے انہیں گھروں تک واپس پہنچائیں تاہم یہ ایک شرمناک اور افسوسناک بات ہے کہ ابھی وہ مقام بہت دور ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا نے مہاجرین کو مایوس کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ نہیں بھول جانا چاہیے کہ تارکین وطن کے بحران کی تمام تر توجہ اس وقت یورپ ہی پر مرکوز ہے، جبکہ سب سے زیادہ دباوٴ اب بھی مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ پر پڑ رہا ہے۔ اداکارہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مہاجرین کی مدد کے معاملے میں اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کریں۔ انہوں نے کہا کہ قوانین اور بین الاقوامی معاہدے اسی لیے ہوتے ہیں کہ جس وقت ان سے بھاگنے کے لیے دباوٴ ہو تو اس وقت بھی ان پر عملدرآمد لازمی ہو۔

متعلقہ عنوان :