آئی ٹی ہیلپ ڈیسک پر آنے والی احمقانہ شکایات

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 16 مارچ 2016 09:41

آئی ٹی ہیلپ ڈیسک پر آنے والی احمقانہ  شکایات

آپ نے غور کیا ہوگا کہ آپ جب بھی آئی ٹی سپورٹ سنٹر کال کر کے کوئی مسئلہ بیان کرتے ہیں تو سپورٹ سنٹر والے آپ سے اس طرح بات کرتے ہیں جیسے آپ کو ٹیکنالوجی کی الف ب کا بھی پتہ نہیں۔ سپورٹ سنٹر کے اس رویے کی سب سے بڑی وجہ وہ احمقانہ شکایات ہوتی ہیں، جن سے سارے دن اُن کا پالا پڑتا رہتا ہے،ایسے میں اُن کا خیال یہی ہوتا ہے کہ اُن کا پالا ایک اور بے وقوف سے پڑ رہا ہے۔


ایک آئی ٹی کمپنی سولر ونڈ نے اپنے ہیلپ ڈیسک پر آنے والی بے وقوفانہ شکایات کو شیئر کیا ہے، جسے پڑھ کر آپ کو بھی آئی ٹی سپورٹ سنٹر والوں سے ہمدردی ہو جائے گی۔
سپورٹ سنٹر میں ایک ایسے شخص نے رابطہ کیا جسے ای میل کے بارے میں کچھ پتہ نہیں تھا۔ اس نے سپورٹ سنٹر کو بتایا کہ اس کی ای میل Sendنہیں ہورہی۔

(جاری ہے)

سپورٹ سنٹر نے جب ایرر پوچھا تو بتایا کہ آپ کی ای میل نہیں بھیجی جا سکتی کا ایرر آ رہا ہے، سپورٹ سنٹر نے جب ای میل ایڈریس کا پوچھا تو آگے سے پوسٹل ایڈریس بتا دیا ۔

اس پر سپورٹ سنٹر نے کہا کہ یہ تو پوسٹل ایڈریس ہے، جس پر عظیم دماغ نے جواب دیا کہ مجھے معلوم ہے پوسٹل ایڈریس ہے مگر اس پر ای میل کیوں نہیں جا رہی؟
ایک شخص کو سافٹ وئیر انسٹال کرنے ہوئے مسئلہ ہوا تو سپورٹ سنٹر نے اسے ڈسک بدلنے اور کمانڈ ٹائپ کرنے کا کہا، شکایت کرنے والے نے کہا کہ کچھ بھی نہیں ہوا۔ سپورٹ سنٹر سے دوسری اور پھر تیسری ڈسک بدلنے کا کہا مگر پھر بھی مسئلہ برقرار رہا ، پھر شکایت کرنے والے نے بتایا کہ اب ڈسکس پھنس گئی ہیں اور اسے ڈور بند کرنے میں بھی مشکل ہو رہی ہے۔


ایک شکایت کے جواب میں سپورٹ سنٹر کی طرف سے Any key پریس کرنے کا کہا گیا تو صاحب پورے کی بورڈ میں Any کی ڈھونڈتے رہے مگر انہیں یہ کی نہ ملی۔
ایک صاحب نے شکایت کی کہ سوموار سے ان کا Wi-Five کافی سست ہوگیا ہے، سپورٹ سنٹر نے کہا کہ کیا آپ کی مراد Wi-Fi ہے تو صاحب نے جواب دیا کہ نہیں نہیں میرا Wi-Five سست ہے۔ اس پر سپورٹ سنٹر نے بے بس ہو کر جواب دیا کہ کیا ہم اسے Wi-Six پر اپ گریڈ کر دیں؟ یہ سن کر شکایت کرنے والے صاحب خوش ہوگئے اور اپ گریڈ کے لیے اپنی رضامندی ظاہر کر دی۔


ایک صاحب نے سپورٹ سنٹر کال کی کہ اُن کا ہیڈ فون کام نہیں کر رہا، انہیں آواز نہیں آ رہی، کافی سارے ممکنہ حل بتانے کے بعد جب مسئلہ حل نہ ہوا تو سپورٹ سنٹر نے کمپیوٹر کا سکرین شاٹ مانگا ۔ سکرین شاٹ سے پتہ چلا کہ آواز Mute ہے۔ سپورٹ سنٹر نے کراس کے نشان پر کلک کرنےا ور آواز کو 0 کے علاوہ کہیں پر بھی سیٹ کرنے کا کہہ کر کال سے جان چھڑائی۔


ایک صاحب نے تو سٹاک مارکیٹ میں اپنے شیئرز کی قیمت 30 فیصد تک گرنے پر آئی ٹی سپورٹ سنٹر فون کر دیا کہ ایسا کیوں ہوا؟
سپورٹ سنٹر والوں کو ایک ایسے شخص سے بھی واسطہ پڑا جسے یقین تھا کہ وائرلیس ماؤس ہوا سے چلتا ہے۔ اسے بڑی مشکل سے اس میں بیٹری ڈالنے پر قائل کیا گیا۔
بعض دفعہ تو آئی ٹی سپورٹ فراہم کرنے والوں کے صبر کو سیلوٹ کرنے کو دل کرتا ہے(اگرچہ اس صبر کی کچھ حد تک وجہ کوالٹی کے معیار کو بہتر کرنے کے لیے ریکارڈ ہونے والی کال بھی ہوتی ہے)۔

ایک شخص نے آئی ٹی سپورٹ سنٹر فون کیا کہ کمپیوٹر کے باکس پر لکھا کہ اس میں ماؤس بھی شامل ہے۔ سپورٹ سنٹر نے جواب دیا کہ بالکل ہے۔ خریدار نے کہا کہ مجھے ماؤس کی کیوں دیا جا رہا ہے؟ سپورٹ سنٹر نے کہا کہ آپ کو اس کی ضرورت ہوگی، خریدار بولا کیا یہ ماؤس زندہ ہوگا؟ سپورٹ سنٹر سے صرف ایکسوز می کا جواب ہی آسکا، جس پر خریدا ر نے دوبارہ پوچھا کہ کیا ماؤس زندہ ہوگا، کیا باکس میں ہوا کے لیے سوراخ رکھے گئے ہیں۔

اس پر سپورٹ سنٹر نے جی ہاں کہا تو خریدار خوش ہوگیا اور پوچھا کہ اسے کیا کرنا چاہے۔ سپورٹ سنٹر نے جواب دیا کہ باکس کو واپس بند کر کے سیل کر دیں ہم اسے واپس اٹھا لیں گے۔ خریدار بولا کہ ماؤس تو ٹھیک رہے گا نا۔ سپورٹ سنٹر سے کہا گیا کہ بالکل ٹھیک رہے گا، ہم آپ کو میک بک دے دیں گے۔