ڈاکٹر طاہر القادری کی خواجہ معین الدین چشتی  کے مزار پر حاضری،خادم مزار سلمان ..
تازہ ترین : 1

ڈاکٹر طاہر القادری کی خواجہ معین الدین چشتی  کے مزار پر حاضری،خادم مزار سلمان چشتی نے سینکڑوں زائرین کے ہمراہ استقبال کیا ،جیوے جیوے طاہر جیوے کے نعرے، اجمیر شریف برصغیر کے کروڑوں مسلمانوں کے دلوں پر حکومت کر رہے ہیں ،ڈاکٹر طاہر القادری

اسلام آباد/اجمیر شریف(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15مارچ۔2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمدطاہر القادری نے اجمیر شریف میں حضرت معین الدین چشتی  کے مزار پر حاضری دی ،اجمیر شریف پہنچنے پر دربار کے خادم سلمان چشتی نے سینکڑوں زائرین کے ہمراہ ڈاکٹر طاہر القادری کاا ستقبال کیا ،مزار پر ان کی دستار بندی کی گئی اور انہیں روایتی تحائف دئیے گئے ،ڈاکٹر طاہر القادری کو اپنے درمیان دیکھ کر سینکڑوں زائرین نے ”جیوے جیوے طاہر جیوے “ کے فلک شگاف نعرے لگائے اور ان سے مصافحہ کرتے رہے ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ خواجہ معین الدین چشتی  کی دینی خدمت اور برکت سے بر صغیر پاک و ہند میں بالعموم اور راجپوتانہ میں بالخصوص اسلام پھلا پھولا۔

آپ کے انسان دوست طرز معاشرت اور حسن سلوک سے ہزاروں نہیں لاکھوں کی تعداد میں لوگ دائرہ اسلام میں داخل ہو ئے ۔ انکی زندگی صدق و صفا،زہد و تقوی اور عبادت و طہارت کا عملی نمونہ تھی ۔انکے پاس نہ کوئی دولت تھی ،نہ فوج،نہ خزانہ اسکے باوجود انہوں نے کروڑوں انسانوں کے دلوں پر حکومت کی جو آج تک قائم ہے ۔انہوں نے کہاکہ حضرت معین الدین چشتی  اللہ کے انعام یافتہ بندوں میں شامل ہیں کہ جن کی درگاہ پر آ کر دلوں کو سکون ملتا ہے ،انہوں نے کہاکہ ان سے عقیدت رکھنے والے پوری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں ان میں ہر مذہب اور مکتب فکر کے لوگ شامل ہیں ،انہوں نے کہاکہ وہی کامیاب اور انعام یافتہ لوگ ہیں جو اپنی زندگیوں کو اللہ اور اسکی مخلوق کی خدمت کیلئے وقف کر دیتے ہیں،انہوں نے کہاکہ حضرت معین الدین چشتی  نے تمام عمر امن،محبت،رواداری اور مخلوق خدا کی خدمت کی۔

انہوں نے کہاکہ جب کوئی انسان ذات،جماعت،مسلک،دنیاوی فوائد اور لالچ سے خود کو بلند کر لیتا ہے تو وہ اللہ اور اس کی مخلوق کا محبوب ترین بن جاتا ہے ،آج اس امر کی ضرورت ہے کہ کشف و کرامات پر زور دئیے بغیر خواجہ معین الدین چشتی  کی ہدایت اور علم کے نور سے آراستہ زندگی سے استفادہ کیا جائے ۔ سربراہ عوامی تحریک نے نئی دہلی میں حضرت بختیار کاکی  کے مزار پر بھی حاضری دی۔

وقت اشاعت : 15/03/2016 - 23:46:42

متعلقہ عنوان :

اپنی رائے کا اظہار کریں