پاکستان چیلنجوں پر قابو پانے کی تمام صلاحیت رکھتا ہے، میری حکومت نے پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کا عزم کر رکھا ہے، وزیراعظم محمد نوازشریف کی ارجنٹائن کے سبکدوش ہونے والے سفیر سے گفتگو

منگل 15 مارچ 2016 21:50

اسلام آباد ۔ 15 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 مارچ۔2016ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان چیلنجوں پر قابو پانے کی تمام صلاحیت رکھتا ہے اور میری حکومت نے پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کا عزم کر رکھا ہے، کوئی بھی ملک یا قوم اقتصادی استحکام حاصل کئے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتا اور اگر دہشت گرد امن اور پاکستان کیخلاف ایجنڈا جاری رکھیں تو ایسا کوئی استحکام ممکن نہیں۔

انہوں نے یہ بات منگل کو ارجنٹائن کے سبکدوش ہونے والے سفیر روڈلفو جے مارٹن سراویہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے وزیراعظم ہاؤس میں ان سے الوداعی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ارجنٹائن کے سفیر کو پا کستان میں 12 سال قیام کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت اور استحکام دینے کیلئے ان کے کردار کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

ارجنٹائن کے سفیر نے دہشت گردوں کیخلاف وزیراعظم کے جراتمندانہ فیصلہ کی بڑی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جاری آپریشن ضرب عضب پاکستان میں امن و استحکام کیلئے بہترین ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن ملک سے دہشت گردی کے خاتمے میں بڑا کامیاب رہا ہے۔ سفیر نے موجودہ حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے معیشت کو ترقی دیکر پاکستان کو صحیح راہ پر ڈالا۔

گزشتہ تین سالوں کے دوران پاکستان کے تصور میں تبدیلی آئی اور دنیا بھر میں پاکستان کو انتہائی مثبت نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں توانائی کی قلت کے خاتمے کیلئے وزیراعظم کے وژن کو بھی سراہا۔ سفیر نے خواتین اور اقلیتوں کے ایشوز سے متعلق وزیراعظم کے ترقی پسند موقف کی تعریف کی اور خواتین اور اقلیتوں کو ناانصافی اور امتیازی رویوں سے تحفظ دلانے کیلئے موجودہ حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے تصور کے مطابق ایک جدید اور ترقی یافتہ ملک بنانے کا وژن اس وقت تک پورا نہیں ہو سکتا جب تک ملک کی نصف آبادی (خواتین) کو شامل نہیں کیا جاتا۔ ملک کی ترقی میں خواتین کا کردار اتنا ہی اہمیت کا حامل ہے جتنا مردوں کا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مذہب یا عقیدہ سے تعلق رکھنے والی اقلیتیں پاکستان کے مساوی شہری ہیں اور انہیں دیگر شہریوں کی طرح مساوی حقوق حاصل ہیں۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔