پاکستان اور تاجکستان بے مثال دوست اور تعاون کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی تاجک پارلیمانی وفد سے گفتگو

منگل 15 مارچ 2016 21:50

اسلام آباد ۔ 15 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 مارچ۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان اور تاجکستان بے مثال دوست اور تعاون کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تاجکستان کے ساتھ ثقافت اور معیشت پر مبنی دوستانہ تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے تاجک ہم منصب شکورجان زوروف کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے تاجک پارلیمانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر سے ملاقات کی۔ سپیکر نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے مابین تعلقات علاقائی و معاشی تعاون اور مشترکہ ثقافتی ورثے کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون خطے کی سلامتی اور اقتصادی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔

تاجکستان کی اوپن ڈور پالیسی کو سراہتے ہوئے سپیکر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں کئی گنا اضافے کے قوی امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک میں قائم جوائنٹ اکنامک کمیشن تجارتی، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجکستان میں موجود توانائی کے وسیع ذخائر پاکستان میں توانائی کی قلت پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں اور تاجکستان پاکستان کی بندرگاہوں اور زراعت، ٹیکسٹائل اور فوڈ پراسیسنگ کے شعبوں میں مہارت سے مستفید ہو سکتا ہے۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے مابین تعاون علاقائی سلامتی اور پرامن افغانستان کیلئے اہم ثابت ہو گا۔ انہوں نے پاکستان، افغانستان اور تاجکستان کے مابین سہ فریقی ٹرانسٹ ٹریڈ معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام خطے میں باہمی تعاون کو فروغ دینے میں سنگ میل ثابت ہو گا۔ سپیکر نے مزید کہا کہ پاکستان تاجکستان کے ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی فورمز خصوصاً اقتصادی تعاون تنظیم اور شنگھائی تعاون تنظیم میں روابط کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے وسط ایشیا اور جنوبی ایشیا میں الیکٹریسٹی ٹرانسمیشن پراجیکٹ پر عملدرآمد کو مزید موثر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی سفارتکاری کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے اراکین پارلیمان کے مابین روابط باہمی تجربات سے مستفید ہونے کا باعث بنیں گے۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ پاکستان پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے کوشاں ہے جس کیلئے قومی اسمبلی میں خصوصی سیکرٹریٹ قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پا کستان کی پارلیمان کو شمسی توانائی پر منتقل ہونے والی پہلی پارلیمان کا اعزاز بھی حاصل ہے۔