Live Updates

تحریک انصاف میں گروپ بندی ہے نہ تقسیم، ایک جمہوری پارٹی ہے‘ میاں محمود الرشید

پاکستان کا کسان بھارتی آبی جارحیت اور موجودہ حکومتی پالیسیوں کے باعث سخت مشکلات کا شکار ہے غربت کے خاتمے اور فروع تعلیم کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے بغیر ترقی ممکن نہیں‘ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کی گفتگو

منگل 15 مارچ 2016 21:44

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 مارچ۔2016ء) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا کہ تحریک انصاف میں گروپ بندی ہے نہ تقسیم، ایک جمہوری پارٹی ہے، یہاں یونین کونسل کا کارکن نیچے سے اوپر چیئرمین تک کا انتخاب لڑ سکتا ہے، پاکستان کا کسان بھارتی آبی جارحیت اور موجودہ حکومتی پالیسیوں کے باعث سخت مشکلات کا شکار ہے، غربت کے خاتمے اور فروع تعلیم کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے بغیر ترقی ممکن نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پبلک سیکرٹریٹ میں صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وفد میں غیر ملکی صحافی کیٹی کلارک، البر ٹ ٹونی اورجانسن بھی شامل تھے ۔اس موقع پر میاں محمودالرشید نے تحریک انصاف میں تقسیم کی باتوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف ملک کی ایک بڑی سیاسی اور جمہوری جماعت ہے۔

(جاری ہے)

یہاں کوئی دھڑا نہیں تمام انصافین ہیں، تحریک انصاف وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو ایک یونین کونس کے کارکن کو نیچے سے اوپر چیئرمین پارٹی تک کیلئے انتخاب لڑنے کا حق اور اجازت دیتی ہے۔

مخالفین انٹرا پارٹی انتخاب سے خوفزدہ ہیں کہ کہیں تحریک انصاف کے پارٹی انتخابات دیکھ انکی جماعت کے ورکرز بھی انٹرا پارٹی کا مطالبہ نہ کر دیں، اسلئے سازشوں پر اتر آئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ آج پاکستان میں جہاں ایک غریب آدمی پریشان ہے وہیں ملک کا کسان بھی سخت مسائل کا شکار ہے، اول تو بھارتی آبی جارحیت دوئم حکومت کی زراعت سے متعلقہ ناقص پالیسیوں نے ایک خوشخال کسان کو بھی برباد کر دیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ زراعت کی ترقی کیلئے حکومت کو کسان کو حقیقی ریلیف دینا ہو گا، زرعی آلات پر ٹیکس ختم سبسڈی نظام لانا ہو گا اور سب سے بڑھ کر کسانوں کو بھارت کی جانب سے درپیش پانی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ حکومت میٹرو، اورنج اور دیگر غیر ضروری منصوبوں کی بجائے غربت کے خاتمے اور فروع تعلیم کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے کیونکہ ان کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات