پنجاب ریونیو اتھارٹی اور پنجاب آئی بورڈ کی معاونت سے تشکیل دیئے گئے ریسٹورنٹ انوائس مانیٹرنگ سسٹم کی افتتاحی تقریب

ہوٹلوں سے ٹیکس وصولی کا یہ خود کار نظام صوبے کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جو ایک طرف اپنی شفافیت کی بدولت ٹیکس دہندگان کا وصول کنندگان پر کا اعتماد بحال کرے گا تو دوسری طرف اس سے ٹیکس و صولیوں کی شرح میں بھی اضافہ ہو گا لاہور کے 90سے زائد ریسٹورانز خود کو اس سسٹم کے تحت رجسٹرڈ کروا چکے ہیں‘ وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا کا خطاب

منگل 15 مارچ 2016 21:44

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 مارچ۔2016ء) پنجاب ایک گنجان آباد صوبہ ہے جس کی آبادی 100ملین سے زائد ہے اور آبادی کا نصف سے زائد حصہ 15سے 25سال کی عمر کے افراد پر مشتمل ہے جو پاکستان کے مستقبل کے ضامن ہیں ،انہیں تعلیم ، صحت ، ٹرانسپورٹ ، ملازمت اور کاروبار کے بہترین مواقع کی فراہمی کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنے وسائل میں اضافہ کریں ،حکومتی مسائل کا ایک بڑاحصہ محصولات پر مشتمل ہے جن کی عدم ادائیگی پاکستان کے مستقبل کو خطرے میں ڈال سکتی ہے ، اپنی آئندہ نسل کو ممکنہ خطرے سے محفوظ کرنے اور پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لا کھڑا کرنے کے لئے ضروی ہے کہ ہم ٹیکس ادئیگی کے کلچر کو فروغ دیں ، اس ضمن میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کی خدمات قابل قدر ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے پنجاب ریونیو اتھارٹی اور پنجاب آئی بورڈ کی معاونت سے تشکیل دیئے گئے ریسٹورنٹ انوائس مانیٹرنگ سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ ہوٹلوں سے ٹیکس وصولی کا یہ خود کار نظام صوبے کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جو ایک طرف اپنی شفافیت کی بدولت ٹیکس دہندگان کا وصول کنندگان پر کا اعتماد بحال کرے گا تو دوسری طرف اس سے ٹیکس و صولیوں کی شرح میں بھی اضافہ ہو گا ۔

ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے تقریب کے شرکاء کو بتایا کہ لاہور کے 90سے زائد ریسٹورانز خود کو اس سسٹم کے تحت رجسٹرڈ کروا چکے ہیں جو پنجاب ریونیو اتھارٹی کی ایک بڑی کامیابی ہے ۔ انہوں نے پی آر اے کی معاونت پر پنجاب آئی بورڈ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں اس پارنٹر شپ کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ پنجاب آئی ٹی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے حاضرین کو مانیٹرنگ سسٹم کے طریقہ کار سے آگاہ کیا اور پی آر اے کی کوششوں کو سراہا ۔

اس موقع پر پنجاب ریونیو اتھارٹی کے چیئرمین راحیل صدیقی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے 10اپریل کو ٹیکس ادا کرنے والوں کے دن کے طور پر منائے جانے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے تقریب کو بتایا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی ریسٹورنٹ انوائس مانیٹرنگ سسٹم کے ساتھ ایک امانت سکیم کا بھی آغاز کر رہی ہے جس کے تحت ہوٹلوں میں سیلز ٹیکس ادا کرنے والوں کو انعامات سے نوازا جائے گا تاکہ نادہند گان کو ٹیکس ادائیگی کی ترغیب دلائی جائے - انعامات قرعہ اندازی کے ذریعے 10اپریل کو تقسیم کئے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :