ڈی ایچ اے سٹی اراضی سکینڈل میں گرفتار حماد ارشد ،بریگیڈیئر (ر)خالد نذیر بٹ کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 11روز کی توسیع

منگل 15 مارچ 2016 21:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 مارچ۔2016ء ) احتساب عدالت نے ڈی ایچ اے لاہور سٹی براجیکٹ میں خرد برد کے الزام میں گرفتار ملزم حماد ارشد اور بریگیڈیئر (ر)خالد نذیر بٹ کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 11روز کی توسیع کر دی ۔نیب نے حماد ارشد اور بریگیڈیئر (ر)خالد نذیر بٹ کو 12 روز کاجسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

نیب کے وکیل نے استدعا کی کہ ملزمان سے 16 ارب روپے کے فراڈ کی چھان بین جاری ہے مزید تفتیش کیلئے وقت دیا جائے اور ملزموں کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کی جائے ۔ملزموں کے وکلا ء نے مزید جسمانی ریمانڈ مخالفت کی اور اسے بلاجواز قرار دیا۔ احتساب عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے دونوں کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے 26 مارچ کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کے احکامات جاری کئے ۔