وزارت داخلہ نے25 انٹرنیشنل این جی اوز کو پاکستان میں کام کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی‘ کوائف جمع نہ کرانے والی27 نجی سکیورٹی کمپنیوں کے لائسنسز منسوخ کرنے کی ہدایت

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 15 مارچ 2016 21:42

وزارت داخلہ نے25 انٹرنیشنل این جی اوز کو پاکستان میں کام کرنے کی باقاعدہ ..

اسلام آباد(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15مارچ۔2016ء) وزارت داخلہ نے25 انٹرنیشنل این جی اوز کو پاکستان میں کام کرنے کی باقاعدہ منظوری دے دی جبکہ کوائف جمع نہ کرانے والی27 نجی سکیورٹی کمپنیوں کے لائسنسز منسوخ کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ وزارت داخلہ میں وزیر داخلہ چودھری نثار کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں رجسٹریشن کرانے والے 25انٹرنیشنل غیر سرکاری اداروں کو پاکستان میں کام کرنے کی منظوری دی گئی۔

وزیر داخلہ کو بتایا گیا کہ نجی سکیورٹی کمپنیوں کو کوائف جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم اب تک 27 سکیورٹی کمپنیوں نے عمل نہیں کیا۔وزیر داخلہ نے کوائف جمع نہ کرانے والی تمام سکیورٹی کمپنیوں کے لائسنسز منسوخ کرنے کی ہدایت کر دی۔ اجلاس کے دوران وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں رہائشی علاقوں سے دفاتر فوری طور پر خالی کئے جائیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے ہر فیصلے پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا مگر دہشتگرد تنظیم کا نام لیکر اسطرح اسکی تشہیر کرنا اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کے شایان شان نہیں۔ وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ اسلام آباد میں سیف سٹی پراجیکٹ اپریل میں مکمل طور پر آپریشنل کر دیا جائے۔علاوہ ازیں وزیر داخلہ کی جانب سے اسلام آباد میں رہائش پذیر غیر ملکیوں کے خلاف بڑا ایکشن لینے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ کی جانب سے دو بار نوٹس دینے کے باوجود کوائف فراہم نہ کرنے والے 303 غیر ملکیوں کے گھروں کے داخلی اور خارجی راستے بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :