ہائیکورٹ نے 11سالہ مغوی بچی بازیاب کرا نے کا حکم دیتے ہوئے بچی کی والدہ کو بھی طلب کر لیا

منگل 15 مارچ 2016 21:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 مارچ۔2016ء ) لاہور ہائیکورٹ نے 11سالہ مغوی بچی بازیاب کرا نے کا حکم دیتے ہوئے بچی کی والدہ کو بھی طلب کر لیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار ظفر اقبال نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اسکی گیارہ برس کی بیٹی کو نامعلوم افراد نے اغواء کر رکھا ہے مگر پولیس اسکی بازیابی کے لئے کوئی پیشرفت نہیں کر رہی۔

(جاری ہے)

عدالتی حکم پر متعلقہ تھانے کے ڈی ایس پی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ مشتبہ افراد کا موبائل ڈیٹا کی چھان بین کی جا رہی ہے۔انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ درخواست گزار کی بیوی نے ایک خفیہ موبائل اپنے پاس رکھا ہے جس پر مشکوک افراد کی کالیں ٹریس کی گئی ہیں مگر درخواست گزار اس حوالے سے پولیس سے تعاون کرنے کو تیار نہیں۔درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ اس کے گھر میں ایک ہی موبائل موجود ہے دوسرے کا اسے علم نہیں البتہ وہ پولیس سے تعاون کرنے کو تیار ہے۔جس پر عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے بچی بازیاب کرانے اور درخواست گزار کی بیوی کوعدالت میں پیش کرنے اور موبائل ڈیٹا بھی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔