شہر کی سڑکوں پر گھومنے والے جانوروں کو فوراً ضبط کیا جائے، سڑکوں کے کناروں پر قائم مویشی منڈیوں اور باڑوں کو ختم کیا جائے،ایڈمنسٹریٹر کراچی

منگل 15 مارچ 2016 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 مارچ۔2016ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی روشن علی شیخ نے ہدایت کی ہے کہ شہر کی سڑکوں پر گھومنے والے جانوروں کو فوراً ضبط کیا جائے، سڑکوں کے کناروں پر قائم مویشی منڈیوں اور باڑوں کو ختم کیا جائے صفورہ تا جیل چورنگی یونیورسٹی روڈ کی خوبصورتی کیلئے ایک مکمل پلان تیار کیا جائے اور کناروں پر قائم غیر قانونی پتھارے، ٹھیلے اور کیبن سمیت تمام تجاوزات کو ختم کردیا جائے جبکہ کراچی یونیورسٹی تا صفورہ گوٹھ تک سڑک کے دونوں کناروں پر قائم تجاوزات کے خلاف بدھ کو ایک بڑا آپریشن کیا جائے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے منگل کو میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی رحمت اﷲ شیخ سمیت بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر ڈائریکٹروں اور محکمہ جاتی سربراہان کے ہمراہ ایک بس میں پیپلز چورنگی تا صفورہ گوٹھ، نیو ایم اے جناح روڈ اور یونیورسٹی روڈ کا تفصیلی دورہ کیا، اس سے قبل ایڈمنسٹریٹر کراچی نے بلدیہ شرقی میں علامہ اقبال روڈ پر پودا لگا کر شجر کاری کا افتتاح کرنے کے علاوہ صفائی مہم کے کاموں کا بھی معائنہ کیا ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہدایت کی کہ پرانے بینرز اور پوسٹرز نے شہر کی خوبصورتی کو بری طرح متاثر کیا ہوا ہے لہٰذا اس کو فوراً صاف کیا جائے جبکہ نیو ایم اے جناح روڈ پر کار شو رومز کو پابند کیا جائے کہ گاڑیاں سڑک پر کھڑی نہ کی جائیں بصورت دیگر چالان کئے جائیں اور گاڑیوں کو ضبط کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ شہر کے پلوں کے نچلے حصے میں قائم ہونے والی تجاوزات اور تعمیرات کو فوراً خاتمہ کیا جائے جبکہ جیل چورنگی فلائی اوور کے نیچے اور اطراف کو خوبصورت بنا نے اور ہریالی اور شجرکاری کو فروغ دیا جائے انہوں نے کہا کہ پڑے ہوئے ملبے کو فوراً اٹھایا جائے ٹوٹے ہوئے فٹ پاتھ کی مرمت اور صفائی کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے، انہو ں نے یونیورسٹی روڈ کے کناروں پر بکرا منڈیوں کے قیام اور جانوروں کے آزادانہ گھومنے پھرنے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انسداد تجاوزات کے افسران کو ہدایت کی کہ شہر کی سڑکوں پر گھومنے والے جانوروں کو ضبط کیا جائے اور مالکان سے بھاری جرمانہ وصول کیا جائے، شہر کی سڑکوں پر اس طرح آزادانہ جانوروں کا گھومنا کسی بھی صورت قابل برداشت نہیں ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر صفورہ گوٹھ تا جیل چورنگی گرین بیلٹ اور دونوں کناروں پر ہر قسم کی تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی اور خوبصورتی کو بہتر بنانے کے لئے شجر کاری کو بھی فروغ دیا جائے اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہر تیسرے دن شہر کی کسی بھی بڑی سڑک کا دورہ کیا جائے گا اور جن جن سڑکوں کا دورہ کیا گیا اور جو ہدایات دی ہیں اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے دوبارہ دورہ کیا جائے گا جس محکمہ کی بھی غفلت ہوگی اس کے افسر کے خلاف کارروائی کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ ڈی ایم سیز اور کے ایم سی کے تمام افسران کا ایک ہی بس میں شہر کے دورے کا مقصد فوراً ہی فیصلہ کرنا اور شہر کے مسائل کو حل کرنے کیلئے مشترکہ کوشش کرنا ہے ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ ایسے دوروں سے شہر کے مسائل کو سمجھنے اور فوراً حل کرنے میں مدد ملتی ہے لہٰذا یہ تسلسل کے ساتھ ہوتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :