متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام ’’صاف کراچی مہم ‘‘ پانچویں روز میں داخل ہوگئی

اختیارات اور وسائل نہ ہونے کا ایم کیوایم نے بہانہ نہیں بنایا بلکہ عملی طور پر صاف کراچی مہم کے ذریعے شہریوں کی خدمت کیلئے نکل آئی ہے، شہریوں کے تاثرات

منگل 15 مارچ 2016 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 مارچ۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام ’’صاف کراچی مہم ‘‘ پانچویں روز میں داخل ہوگئی اور جیسے جیسے صفائی مہم اپنے اگلے مراحل میں داخل ہورہی ہے ویسے یسے شہر کی متعددیوسیز کلین کراچی کے ساتھ ساتھ گرین کراچی میں تبدیل ہوتی دکھائی دے رہی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام صاف کراچی مہم کے سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر شہر کی 14سے 16یوسیز میں صفائی کے کام انجام دیئے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں ایم کیوایم کے سینکڑوں رضاکاران بیلچوں، کدالوں، کچرا ٹرالیوں، پھاوڑوں سے مختلف علاقوں میں کئی ٹن کچرا ٹھکانے لگانے ، ملبہ اٹھانے ، شجر کاری کرنے ، گندے پانی کے جوہڑ صاف کرنے ، ان پر چونا ڈالنے اورجراثیم کش ادویات کے اسپرے کرنے کے کاموں میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں ، صفائی مہم میں ایم کیوایم کے سینکڑوں کارکنان کے علاوہ رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستاراور رکن رابطہ کمیٹی اسلم آفریدی نے ڈسٹرکٹ ساؤتھ ، رابطہ کمیٹی کے ارکان قاسم علی رضا ، محترمہ ریحانہ نسرین نے ڈسٹرکٹ ایسٹ ، رابطہ کمیٹی کے رکن ارشد حسن ، نامزد میئر کراچی وسیم اختر نے ڈسٹرکٹ سینٹرل ، رابطہ کمیٹی کے رکن گلفراز خان خٹک اور نامزد ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا نے ڈسٹرکٹ ویسٹ ، رابطہ کمیٹی کے ارکان عارف خان ایڈووکیٹ، محترمہ ذرین مجید نے ڈسٹرکٹ کورنگی کی مختلف یوسیز میں صفائی کے کاموں میں حصہ لیا اس موقع پر ، حق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ، نامز د میئر و ڈپٹی میئر ، منتخب بلدیاتی نمائندے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صاف کراچی مہم کے پانچویں روز ایم کیوایم کی جانب سے ڈسٹرکٹ ایسٹ کے علاقے محمود آباد ٹاؤن کی یوسی 02عید گاہ چوک ، یوسی 06گجر چوک ، جناح روڈ منظور کالونی ، ڈسٹرکٹ سینٹرل کے علاقے ناظم آبادگلبہار ٹاؤن کی یوسی 44حاجی مرید گوٹھ ، یوسی 45ہادی مارکیٹ ، یوسی 46عباسی شہید اسپتال ، یوسی 47پاپوش نگر ، خلاف چوک ، ڈسٹرکٹ ویسٹ کے علاقے پاک کالونی ٹاؤن کی یوسی 02لیبر اسکوائر ، یوسی 05پاک کالونی ، یوسی 06پرانا گولیمار ، یوسی 07نیو حسرت موہانی کالونی ،ڈسٹرکٹ کورنگی کے علاقے لانڈھی ٹاؤن کی یوسی 04مجید کالونی ، یوسی 06خلد آباد ، میڈیکو گراؤنڈ ، خلد آباد مرغی خانہ سی اسٹاپ اور ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے علاقے لیاری ٹاؤن ، رنچھوڑ لائن ٹاؤن کی یوسی 18غازی نگر ، یوسی 20ملت نگر ، صدیق وہاب روڈ عظیم پلازہ اور گذدر آباد نشرروڈ کے علاقوں میں صفائی ستھرائی کے محنت اور جانفشانی کے ساتھ انجام دیئے گئے ۔

صفائی مہم کے سلسلے میں علاقائی سطح پر عوام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کا ایم کیوایم کو زبردست تعاون حاصل رہااور انہوں نے بھی صفائی ستھرائی کے کاموں میں عملی طو ر پر حصہ لیا ۔ اس موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم تمام مصائب اور مشکلات کے باوجود عوامی مسائل کے غافل نہیں ہے ، اختیارات اور وسائل نہ ہونے کے باوجود ایم کیوایم نے اس کا بہانہ نہیں بنایا بلکہ عملی طور پر شہریوں کی خدمت کیلئے نکل آئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صفائی مہم کے ذریعے ایم کیوایم شہریوں کی بڑی خدمت کررہی ہے ، اس سے شہریوں کو تعفن ، غلاظت کے ڈھیروں اور وبائی امراض سے تحفظ ملا ہے اورانہوں نے سکھ کا سانس لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صفائی مہم سے قبل ایسا محسوس ہوتا ہورہاتھا کہ شہر کا کوئی والی و ارث نہیں ہے ، حکومت سندھ نے کراچی کو ہر طرح سے نظر انداز کرنے کے ساتھ ساتھ کچرے اور غلاظت کے ڈھیر میں تبدیل کرنے میں کوئی کثر باقی نہیں چھوڑی ہے اور ایسے حالات میں صاف کراچی مہم ایم کیوایم کی عوام سے مخلصی کو ثابت کرتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :