Live Updates

کرسی کی جنگ نہیں‘ عوام کی خدمت اور ملک کی خوشحالی کا عزم رکھتے ہیں،عمران خان عوام سے مذاق کرنا چھوڑ دیں ،کسانوں کا درد سمجھتے ہیں‘ ملک میں خوشحالی لوٹا رہے ہیں‘ الیکشن نہیں دل جیتنے آئے ہیں

مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ممبرقومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف کااین اے 153 میں انتخابی جلسے سے خطاب

منگل 15 مارچ 2016 21:11

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 مارچ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ممبرقومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ہماری سیاست کرسی کی جنگ کے لئے نہیں ملک کے مسائل حل کرنے‘ لوگوں کی خدمت کرنے اور ملک کو صحیح معنوں میں ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے ہے۔ حمزہ شہبازنے منگل کو این اے 153جلالپور پیروالا میں مسلم لیگ(ن) کے امیدوار قومی اسمبلی رانامحمدقاسم نون کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان سے کہا کہ وہ عوام سے مذاق کرنا بند کر دیں۔

ان کو ووٹ دینے والے ان کی راہیں تک رہے ہیں۔ اڑھائی برسوں تک دھاندلی کا واویلا کرنے اور موجودہ حکومت کے خلاف عدالتوں میں جانے والوں کو جواب مل چکا ہے اور اب عمران خان سیدھے راستے پر آتے ہوئے پاکستان کے عوام کے ووٹ کے تقدس کا احساس کریں۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں قربانیاں دینے والوں کی ماؤں سے پوچھیں کہ آزادی کی کیا قدر ہے؟ اس کے برعکس عمران خان کا طالبان کو دفتر کھولنے کا بیان زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔

حمزہ شہبازنے کہا کہ عمران خان اسی طرح واویلا کرتے رہ جائیں گے اور لاہور اور راولپنڈی کے بعد ملتان کے شہری بھی جلد میٹرو کی ٹھنڈی بس میں سفر کریں گے۔ حمزہ شہبازنے کہا کہ ہم کسانوں کا درد سمجھتے ہیں اور وطن عزیز میں خوشحالی لوٹانے کے لئے دن رات سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کی طرف سے ملنے والی 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے قائد اعظم کا خوشحال پاکستان بنائیں گے اور جھوٹ و الزامات کی سیاست کرنے والوں کو اڑھائی سال بعد عوام کی عدالت میں جوابدہ ہونا ہو گا۔

حمزہ شہبازنے کہا کہ وہ الیکشن نہیں لوگوں کے دل جیتنے آئے ہیں اور انشاء اﷲ 17مارچ کو ضمنی الیکشن میں کامیابی کے بعد این اے 153 کے علاقے کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ حمزہ شہبازنے کہا کہ تیسری بار وزیراعظم بننے والے میاں محمد نوازشریف کا نصب العین پاکستان کو صحیح معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے اور ہم عوام کی طرف سے دیئے گئے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے 2018ء تک لوڈشیڈنگ سمیت تمام اہم مسائل پر قابو پا لیں گے۔

اس موقع پر این اے 153 سے امیدوار قومی اسمبلی رانا محمدقاسم نون‘ دیوان عاشق بخاری‘ مہدی عباس‘ نغمہ مشتاق لانگ‘ سیدجاویدعلی شاہ‘ شوکت حیات نون‘ رانا محمودالحسن اور عبدالغفار ڈوگر سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این اے 153ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کا گڑھ رہا ہے اور انشااﷲ 17مارچ کو عوام شیرپر مہر لگائیں گے۔ جلسہ گاہ میں موجود لوگوں کی بڑی تعداد نے حمزہ شہبازکا نعروں کی گونج میں والہانہ استقبال کیا۔ نوجوانوں کی بڑی تعداد پارٹی نغموں پر رقص کرتی رہی۔ جلسہ گاہ لوگوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا اور میڈیا نے اسے اس علاقے کا سب سے بڑا سیاسی اجتماع قرار دیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات