وزارت اطلاعات کے 36 افسران کا بیرون ملک سفارتخانوں میں تعیناتی کیلئے تحریری امتحان، نتائج کے بعد خصوصی کمیٹی انٹرویو کے ذریعے 21 افسران کی تعیناتی کا حتمی فیصلہ کرے گی

لندن، نیویارک، واشنگٹن اور جدہ سمیت کئی ممالک میں وزارت اطلاعات کے گریڈ18سے20 کے افسران کی پوسٹیں خالی ، تقرریوں کا عمل آئندہ 2ماہ تک مکمل ہونے کا امکان

منگل 15 مارچ 2016 20:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 مارچ۔2016ء) وزارت اطلاعات و نشریات کے 36 افسران نے بیرون ممالک میں سفارتخانوں میں تعیناتی کیلئے تحریری امتحان دے دیا ہے، جس کے نتائج آنے کے بعدوفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کی سربراہی میں قائم خصوصی کمیٹی انٹرویو کے ذریعے 21عہدوں کیلئے ان افسران کی تعیناتی کا فیصلہ کرے گی، اس وقت لندن، نیویارک، واشنگٹن، جدہ سمیت کئی ممالک میں وزارت اطلاعات و نشریات کے افسران کی گریڈ 18,19 اور 20 کی پوسٹیں خالی پڑی ہوئی ہیں اور موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد 3سال سے تقرریاں نہیں کی گئیں اور کئی افسران 6 سال سے اپنے عہدوں پر کام کر رہے ہیں اور کئی متعدد افسران ریٹائر ہو چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات کے ڈی جی ایکسٹرنل ونگ شفقت جلیل کی تجویز پر وزارت اطلاعات و نشریات نے میرٹ پر تقرریوں کیلئے تمام افسران سے تحریری امتحان لینے کا فیصلہ کیا اور گریڈ 18,19 اور گریڈ 20 کے 53 افسران کو تحریری امتحان کیلئے مدعو کیا گیا ، یہ امتحان منگل کو نمل یونیورسٹی میں لیا گیا جس میں 53 میں سے 36 افسران شریک ہوئے،21 پوسٹوں کیلئے 36 افسران نے تحریری امتحان میں حصہ لیا ، نتائج آنے کے بعدکوالیفائی کرنے والوں کے انٹرویوز کئے جائیں گے، اور اس کیلئے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس کی سربراہی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کریں گے، کمیٹی میں سیکرٹری اطلاعات عمران گردیزی، وزیر اعظم آفس کے ایڈیشنل سیکرٹری، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور ڈی جی ای پی ونگ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ان تقرریوں کا عمل آئندہ 2ماہ تک مکمل کئے جانے کا امکان ہے، اس وقت لندن، نیویارک، واشنگٹن، جدہ سمیت متعدد ممالک میں پریس منسٹر اور پریس قونصلرز کی پوسٹیں خالی ہیں، تقرریوں کا عمل مکمل ہو نے کے بعد یہ افسران اپنے نئی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

متعلقہ عنوان :