آرمی چیف کا پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کا دورہ ،فیکٹری میں استعداد اور جدید اسلحے کا جائزہ ،آپریشن ضرب عضب کے دوران اسلحہ وگولہ بارود کی ضروریات پوری کرنے پر پی او ایف کی تعریف

اسلحے کی نئی مارکیٹیں تلاش کرکے زرمبادلہ میں اضافہ کیاجائے ، اسلحہ وگولہ بارودمیں جدیدٹیکنالوجی کی طرف بڑھنا ہو گا، پی او ایف مسلح افواج کے اسلحے کی ضروریات پوری کرنیوالی واحدمقامی صنعت ہے، آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی اسلحے کی برآمدات کیلئے نئی مارکیٹیں تلاش کرنیکی ہدایت

منگل 15 مارچ 2016 20:22

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 مارچ۔2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کا دورہ کیا اور اسلحہ ساز فیکٹری میں استعداد اور جدید اسلحے کا جائزہ لیا،منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقا ت عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے آپریشن ضرب عضب کے دوران اسلحہ وگولہ بارود کی ضروریات پوری کرنے پر پی اوایف کو سراہا۔

آرمی چیف کو چیئرمین پی اوایف واہ ،لیفٹیننٹ جنرل عمرمحمود حیات نے انڈسٹریل کمپلیکس اور اسلحہ سازی میں مستقبل کے توسیع منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔بعد میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے فیکٹری کا تفصیلی دورہ کیا۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے اسلحہ بنانے کے نئے یونٹ جو توسیع منصوبے کا حصہ ہے کے افتتاح کے بعد مینجمنٹ اور سٹاف سے خطاب کیا۔

آرمی چیف نے پی اوایف واہ کواسلحے کی برآمدات کیلئے نئی مارکیٹیں تلاش کرنیکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلحے کی نئی مارکیٹیں تلاش کرکے زرمبادلہ میں اضافہ کیاجائے۔انہوں نے کہا کہ اسلحہ وگولہ بارودمیں جدیدٹیکنالوجی کی طرف بڑھنا ہو گا،پی اوایف واہ اہداف سے بڑھ کرپیداواردے رہی ہے،آرمی چیف نے کہا کہ پی اوایف مسلح افواج کے اسلحے کی ضروریات پوری کرنیوالی واحدمقامی صنعت ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کے دورے کا مقصد پاکستان آرڈیننس کو جدید بنانے پر اب تک ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لینا تھا۔آرمی چیف نے ہتھیاروں میں جدت اور خودکفالت پر زورد یا،پی آو ایف مسلح افواج کیلئے دفاعی پیداوار کا اہم ادارہ ہے ،۔آرمی چیف نے پی او ایف انتطامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔