ڈینگی کے خاتمے کیلئے( 21)مارچ سے صفائی مہم کا آغاز کیا جائے گا،ڈی سی او ملتان

منگل 15 مارچ 2016 20:19

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 مارچ۔2016ء) ڈی سی او ملتان زاہد سلیم گوندل نے کہا ہے کہ ڈینگی کے خاتمے کیلئے 21مارچ سے ملتان شہر بھر میں صفائی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ضلعی حکومت کی طرف سے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو خصوصی ٹاسک دے دیا گیا ہے۔گزشتہ روز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر و ایڈمنسٹریٹر سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ملتان زاہد سلیم گوندل نے ڈینگی کے خاتمے کیلئے 21 مارچ سے شہر میں بھرپور صفائی مہم کا آغاز کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔

صفائی مہم کے دوران شہر کے جوہڑوں اور تالابوں سمیت گندگی کے ڈھیروں کو صاف کیا جائے گا۔ صفائی مہم کے دوران سوشل ویلفیئر سمیت تمام متعلقہ محکموں کو شہریوں میں حفاظتی تدابیر اپنانے بارے بھرپور آگاہی دینے کی بھی ہدایت دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ڈی سی او زاہد سلیم گوندل نے کہا کہ نئی حکمت عملی کے تحت ماہر انٹامالوجسٹ کی نگرانی میں 3 رکنی ٹیم ہر یونین کونسل میں سرویلنس کرے گی تاکہ کوئی گھر ڈینگی مچھر کے لاروے کی افزائش گاہ نہ بن سکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈی سی او آفس میں منعقدہ انسداد ڈینگی مہم کے سلسلے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر منظر جاوید، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر افتخار قریشی سمیت متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ ڈی سی او زاہد سلیم گوندل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس غیر متوقع بارشوں کے باعث ڈینگی مرض تیزی سے پھیلا ہے ۔ تاہم اس سیزن میں ضلعی انتظامیہ اور تمام محکمے ریڈ الرٹ ہیں‘ شہریوں سے وعدہ کرتے ہیں کہ انکی جانوں کا تحفظ ہر صورت ممکن بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :