پاکستانی ہائی کمیشن نے حریت رہنماؤں کو یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کی دعوت دیدی،بھارتی میڈیا

سید علی گیلانی، یاسین ملک، آسیہ اندرابی، میر واعظ ، شبیر احمد شاہ سمیت متعدد رہنماؤں کو دعوت نامہ بھیجا گیا ،حریت کانفرنس پاکستان بھارت کے خلاف جنگ لڑنے والوں کو براہ راست دعوت نہیں دے سکتا ایسی تقریب پر پابندی لگنی چاہئے،جموں اینڈ کشمیر نیشنل پینتھرز پارٹی کے چیئر مین کی ہرزہ سرائی

منگل 15 مارچ 2016 18:49

نئی دہلی/ سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 مارچ۔2016ء ) بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن نے حریت رہنماؤں کو یوم پاکستان پر ہونے والی تقریب میں شرکت کی دعوت دیدی۔بھارتی میڈیاکے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن میں23مارچ کو تقریب کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ہائی کمشنر کی جانب سے حریت رہنماؤں کے35 رکنی وفد کو تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

سری نگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سید علی گیلانی، یاسین ملک، آسیہ اندرابی، میر واعظ عمر فاروق، شبیر احمد شاہ سمیت متعدد رہنماؤں کو دعوت نامہ بھیجا گیا ہے۔ ادھر پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے حریت رہنماؤں کو دعوت نے بھارتی سیاستدانوں کو بھڑکا دیا۔ جموں اینڈ کشمیر نیشنل پینتھرز پارٹی کے چیئر مین ہرش دیو سنگھکا کہنا ہے کہ پاکستان بھارت کے خلاف جنگ لڑنے والوں کو براہ راست دعوت نہیں دے سکتا ایسی تقریب پر پابندی لگنی چاہئے۔