حکومت بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دینے کو تیار ہے ، رانا ثناء الله

ضلع کی منتخب قیادت عوامی فلاح وبہبود اورعلاقائی ترقی کے منصوبوں کی تکمیل کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے اورعوامی ریلیف میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی ،تقریب سے خطاب

منگل 15 مارچ 2016 17:46

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 مارچ۔2016ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے حکومت بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دینے کو تیار ہے مگر سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظارہے ،فیصلے کے فوری بعد دوتین ہفتوں میں مےئر اورچےئرمین ضلع کونسل کے انتخاب کاشیڈول آجائیگا،وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف بہت جلد فیصل آباد کا دورہ کریں گے ،وہ یہاں کینال ایکسپریس کے میگا پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے حکومت پنجاب اور فرانس کے اشتراک سے چھ ارب روپے کی لاگت سے میگاواٹر سپلائی پراجیکٹ پائیہ تکمیل کو پہنچ گیا ہے۔

نہر رکھ برانچ پرناولٹی پل کے قریب اس اہم منصوبے کی بدولت شہریوں کو روزانہ ڈیڑھ کروڑ گیلن پینے کا صاف پانی میسر آئے گا۔واٹر سپلائی پراجیکٹ کی آزمائشی سروس کا افتتاح صوبائی وزیر قانون راناثناء اللہ خاں نے کیاجبکہ باقاعدہ افتتاح بہت جلدوزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کریں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 16ارب روپے کے فنڈز سے اس منصوبے کا دوسرا مرحلہ بھی عنقریب شروع کیا جائے گا جو دوسال میں مکمل کرکے شہر کی ہر آبادی تک پینے کا صاف پانی پہنچائیں گے۔

انہوں نے سافٹ گرانٹ کی فراہمی پر فرانس حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ بڑامنصوبہ دراصل 12،ارب مالیت پر مشتمل ہے جس میں چھ ارب روپے مالیت کی قیمتی اراضی بھی شامل ہے جو قبضہ مافیا اور کچی آبادی سے محفوظ کرکے پراجیکٹ کے لئے فراہم کی گئی اورچار دیواری کی تعمیر کا مرحلہ بھی افہام وتفہیم سے طے کیا گیا۔ نہوں نے کہاکہ کینال ایکسپریس کے میگا پراجیکٹ کا افتتاح عنقریب وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کریں گے جبکہ جھال چوک انڈر پاس ‘ چلڈرن ہسپتال اور واٹر سپلائی کے میگا منصوبوں کا افتتاح وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف آئندہ چند مہینوں میں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کی منتخب قیادت تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے جس کی بدولت عوامی فلاح و بہبود کی ریکارڈ ترقیاتی سکیموں کو مکمل کیا جارہا ہے۔ صوبائی وزیر قانون نے میگا پراجیکٹس کی تیاری اور عملدرآمد کے سلسلے میں سابق ڈی سی او نور الامین مینگل کی کاوشوں کو بے حد سراہا اور کہا کہ اس شہر کے لئے ان کی انتظامی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی صحت کو برقرار رکھنے کے لئے صاف پانی ناگزیر ہے جس کے لئے یہ منصوبہ بڑی اہمیت وافادیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع کی منتخب قیادت عوامی فلاح وبہبود اورعلاقائی ترقی کے منصوبوں کی تکمیل کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے اورعوامی ریلیف میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی بتایا ہے کینال ایکسپریس وے،جھال چوک انڈر پاس،چلڈرن ہسپتال اوردیگر میگا پراجیکٹس کی بدولت فیصل آباد کی ترقی کا نیا چہرہ نظر آئیگا۔

متعلقہ عنوان :