روسی صدرکا امریکی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، شام کے بحران کو جلد حل کرنے پر اتفاق

منگل 15 مارچ 2016 17:16

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 مارچ۔2016ء)روسی صدر ولادی میرپیوٹن اور امریکی ہم منصب براک اوباما کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہواہے جس میں دونوں صدور نے شام کے بحران کو جلد حل کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔غیر ملکی میڈیا ے مطابق کریملن کے ترجمان نے ماسکو سے جاری بیان میں کہاکہ روس کے صدر ولادی میر پیوٹن اور امریکی ہم منصب براک اوباما کے درمیان ٹیلیفونک رابطے میں شام کے بحران کو جلد حل کرنے پر اتفاق ہوا۔

(جاری ہے)

امریکی صدر نے شام سے روسی افواج کے انخلا کو سراہا۔کریملن کے ترجمان کا کہنا تھا پیوٹن نے اوباما کو بتایاکہ روسی فوج نے شام میں دہشتگردی کے خلاف اپنے مقاصد حاصل کرلئے ہیں اور آج سے افواج کی واپسی کا عمل شروع ہوجائے گا۔ دونوں صدور نے اس بات پر زور دیاکہ جنیوا امن مذاکرات میں شام تنازع کے حل کیلئے کوششوں کوتیز کیا جائے۔ دونوں صدور نے اقوام متحدہ کے تحت شام کی حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان امن بات چیت کی حمایت کی۔