چوک گاڑی خانہ لاہوری سے گلبہار نمبر4 تک چلنے والے چنگ چی رکشوں کی بندش سے عوام کو مشکلات کا سامنا ‘ شہریوں کا حکومت سے اصلاح احوال کا مطالبہ

منگل 15 مارچ 2016 17:09

پشاور۔15 مارچ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 مارچ۔2016ء )چوک گاڑی خانہ لاہوری سے گلبہار نمبر4 تک چلنے والے چنگ چی رکشوں کی بندش کی وجہ سے مکینوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ منگل کو اپنے ایک بیان میں شہریوں ہارون لقمان آفریدی ‘ احتشام الدین ‘ عمر ندیم ‘ شیراز ‘ زوہیب الحسن اور دیگر نے کہا کہ ٹریفک پولیس اہلکار چوک گاڑی خانہ سے گلبہار نمبر4 تک چلنے والے چنگ چی رکشوں کو گلبہار روڈ پر چلنے نہیں دیتے ۔

انہوں نے کہاکہ چنگ چی رکشوں کے چلنے کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی خوش آئند ہے تاہم اس پر ٹریفک پولیس اہلکار عملدرآمد نہیں کر رہے جو کہ توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس اہلکاروں کا قبلہ بھی درست کیا جائے جو رشوت لے کر بعض چنگ چی رکشوں کو مخصوص راستوں پر چلنے کی اجازت دیتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چوک گاڑی خانہ لاہوری سے گلبہار جانے والے لوگوں کو چنگ چی رکشوں کی بندش کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ وہ ٹیکسی یا عام رکشوں میں نہیں جا سکتے جس کی وجہ یہ ہے کہ ٹیکسی یا عام رکشے والے ان سے سو روپے کرایہ طلب کرتے ہیں جو کہ ان کے بس سے باہر ہے ۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ چوک گاڑی خانہ سے گلبہار نمبر4 تک چنگ چی رکشے چلانے کی اجازت دی جائے تاکہ چنگ چی رکشے والے بھی سکون کا سانس لے سکیں کیونکہ رکشوں کی بندش کی وجہ سے ان کے گھر فاقوں تک نوبت آ چکی ہے۔ شہریوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ چنگ چی رکشوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کا باقاعدہ فیصلہ موجود ہے جس پر عملدرآمد کرانا حکومت کا فرض ہے ۔