وفاق کی طرف سے کراچی گرین لائن بس منصوبہ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، نئے آئی جی کی تعیناتی سے حالات میں مزید بہتری آئے گی، مولا بخش چانڈیو

منگل 15 مارچ 2016 17:07

کراچی ۔ 15 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 مارچ۔2016ء) مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وفاق کی طرف سے کراچی گرین لائن بس منصوبہ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں عوام کی فلاح کے لئے جو بھی کام کیا جائے گا اس کو ویلکم کریں گے، کراچی کا لیڈر وہی بنے گا جس کو عوام پسند کریں گے، نئے آئی جی سندھ کی تعیناتی سے حالات میں مزید بہتری آئے گئی۔

منگل کو” اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 مارچ۔2016ء“ سے بات چیت کرتے ہوئے مولابخش چانڈیو نے کہا کہ گرین لائن بس منصوبہ وفاق کی طرف سے اچھی کاوش ہے اس سے ٹرانسپورٹ کا سسٹم مزید بہتر ہوگا اور شہریوں کو بہترین سفری سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لئے وفاقی حکومت کی طرف سے جو بھی قدم اٹھایا جائے گا اسکو ویلکم کریں گے۔

(جاری ہے)

مشیر اطلاعات نے کہا نئے آئی جی کی تعیناتی کے لئے سندھ حکومت کی طرف سے ایک ہی نام تجویز کیا گیا تھا جس پر وفاق نے عملدرآمد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے ڈی خواجہ اچھی شہرت کے حامل اور فرض شناس افسر ہیں ان کی تعیناتی سے امن و امان کی صورتحال میں مزید بہتر ی آئے گی۔ انہوں نے کہا کراچی کے حالات میں بہتری لانے کے لئے رینجر اور پولیس کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ مصطفی کمال کی نئی پارٹی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ کراچی کا لیڈر وہی بنے گا جس کو عوام پسند کریں گے۔

متعلقہ عنوان :