میرپور میں انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا قیام اولین ترجیح ہے، صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان

منگل 15 مارچ 2016 17:07

اسلام آباد ۔ 15 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 مارچ۔2016ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ برطانیہ میں مقیم کشمیریوں نے ہمیشہ اپنے اپنے علاقے اور لوگوں کو یاد رکھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں برطانوی شہر شیفیلڈ کے لارڈ میئر چوہدری طالب حسین کی قیادت میں منتخب کونسلرز اور بزنس مینوں کے دس رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفد میں چوہدری ظہور، مرزا تیمور، چوہدری ساجد، چوہدری ظہیر، شفقت مرزا، حاجی غلام نبی اور یاسر ممتاز چوہدری شامل تھے۔ اس موقع پر وزیر حکومت فرزانہ یعقوب اور چوہدری محمد رشید بھی موجود تھے۔ صدر سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ میرپور میں انٹرنیشنل ایئر پورٹ کا قیام اولین ترجیح ہے، بحیثیت وزیر اعظم آزاد کشمیر میں نے حکومت پاکستان نے انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی منظوری لے لی تھی جبکہ کشمیر ایئر لائن حکومت پاکستان کے تعاون سے چلانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی لیکن میری حکومت ختم ہو گئی بعد میں آنے والوں نے اس جانب توجہ نہ دی جس کی وجہ سے یہ عظیم منصوبہ پایہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکا۔

(جاری ہے)

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیری مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بہت اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ضروری ہے کہ آپ حضرات نوجوان نسل کو بھی آزاد کشمیر کی طرف راغب کریں اور انہیں اپنی دھرتی ماں سے محبت کا درس دیں ۔ اپنے علاقے میں سرمایہ کاری کریں۔ اس موقع پر لارڈ میئر شیفیلڈ چوہدری غالب حسین نے کہا کہ اب برطانیہ میں مقیم کشمیری حقیقت جان چکے ہیں ہمیں اپنی دھرتی اور لوگوں سے محبت ہے۔

صدر آزاد کشمیر نے وفد کو بتایا کہ گزشتہ ساڑھے چار سال کے دوران آزاد کشمیر میں 5 یونیورسٹیاں اور 3 میڈیکل کالجز قائم ہو ئے جس کی گزشتہ 68 سالہ تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ وفد کے ارکان نے صدر آزاد کشمیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ جیسے دوراندیش لیڈر کی وجہ سے کشمیر جلد آزاد ہو گا۔ ملاقات کے آخر میں صدر آزاد کشمیر نے لارڈ میئر کو یاد گاری شیلڈ دی۔