ایک سال تک دہشت گردی پر قابو پالیا جائیگا،پارلیمانی سیکرٹری

منگل 15 مارچ 2016 16:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 مارچ۔2016ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا افضل نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ دہشت گردی پر ایک سال تک قابو پا لیا جائے گا ۔ فوج کی مصروفیت کی وجہ سے مردم شماری نہیں ہو سکی ۔تاہم بہت جلد فوج کی نگرانی میں مردم شماری شروع کر دی جائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے رکن اسمبلی نعیمہ کشور خان کے توجہ دلاؤ نوٹس کہ عوام میں گہری تشویش کا باعث بننے والے فوری عوامی اہمیت کے معاملے پر مردم شماری کے ملتوی اور مردم شماری کے فارم میں معذور افراد کا کالم نہ شامل کرنے سے متعلق کیا ۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے لئے 14 ارب روپے رکھے گئے ہیں اور اس کے لئے 2 لاکھ 44 ہزار فوجیوں کی ضرورت ہے لیکن فوج دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے اس کی وجہ سے تمام صوبوں کی مشاورت کے بعد مردم شماری کے ملتوی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور بہت جلد مردم شماری کی جائے گی اور مردم شماری کے فارم میں معذور افراد کا کالم بھی شامل کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

رکن اسمبلی نعیمہ کشور کے سوال پر رانا افضل نے کہا کہ مردم شماری کے حوالے سے تمام صوبوں کو ایک پیچ پر لایا گیا ہے اور مردم شماری کے لئے سافٹ ویئر ضرورت کے مطابق خریدا گیا ہے رکن قومی اسمبلی شاہدہ اختر نے سوال کیا کہ جب تک مردم شماری نہیں ہوتی تو ہمارے پاس ڈیٹا نہیں آ سکتا اور بتایا جائے کہ سافٹ ویئر کس سے بنوایا گیا ہے اس پر رانا افضل نے ایوان کو بتایا کہ عالمی معیار کے مطابق مردم شماری کا فارم بنایا گیا ہے بہت سے انڈیکیٹر کے ذریعے معلومات حاصل کی جائیں گی رکن اسمبلی آسیہ ناصر کے سوال کے جواب میں رانا افضل نے کہا کہ افغان مہاجرین کا مسئلہ ہے سکولوں کی انرولمنٹ صرف مردم شماری سے معلوم کی جا سکتی ہے کشور زہرا کے سوال کے جواب میں رانا افضل نے کہا کہ مردم شماری کا فارم انٹرنیشنل سطح کا تبادلہ کیا گیا ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کا یہ آخری سال ہے پولیو کی ٹیموں پر حملے ہو جاتے ہیں تھوڑا انتظار کریں بہت جلد فوج کی نگرنای میں مردم شماری ہو گی ۔