نیشنل بینک ڈھاڈرکے عملے کا رویہ عوام کے ساتھ درست نہیں،رئیس نوروز ایری

منگل 15 مارچ 2016 16:40

بولان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 مارچ۔2016ء)نیشنل بینک ڈھاڈرکے عملے کا رویہ عوام کے ساتھ درست نہیں اے ٹیم ایم مشین کو جان بوجھ خرابی کا کہہ کر بند کردیا جاتاہے عوام اور کھاتہ داروں کو ازیت ناک صورتحال سے دوچار ہونا پڑتا ہے تفصیلات کے مطابق ڈھاڈر کی سیاسی جماعتوں کے رہنماوٴں جاموٹ قومی موومنٹ کے صدر رئیس نوروز ایری ،زاہد وفائی ،نیشنل پارٹی کے ناصر علی ،شیر احمد بلوچ، عبدالوحید ،بی این پی کے نصیر احمد جمعیت علماء اسلام کے ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ مولانا یعقوب کھوسہ ،دیگر نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ڈھاڈر کاواحد نیشنل بینک عوام کو سہولت دینے کی بجائے عذاب میں مبتلا کردیا ہے بینک کا اے ٹی ایم مشین اکثر بیشتر خراب رہتا ہے جس سے کھاتہ داروں سمیت عوام کو کوئی فائدہ نہیں مل رہا انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بینک عملہ اے ٹی ایم مشین کو جان جوجھ کر خرابی کا بہانہ بناکر بند کردیتا ہے تاکہ عوام بینک کے سامنے قطار میں کھڑے رہیں اور ان سے رشوت طلب کرکے انہیں جلدی فارغ کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بینک کے عملے کا بھی عوام کے ساتھ رویہ درست نہیں غیر شائستہ اور کبھی کبھار گالی گلوچ سے عوام کی عزت نفس کو مجروح کرتے ہیں اور اپنی منظورنظر افراد بینک کے اندر بلا کر انہیں بل اور تنخوائیں ادا کردی جاتی ہیں جبکہ عوام باہر لائن میں کھڑے ہوکر اپنی باری کے انتظار گھنٹوں کھڑے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل بینک کا عملہ ڈرافت بنوانے میں بھی عوام سے زائد رقوم بٹورتے ہیں جب اس بارے میں پوچھا جاتا ہے تو جواب ملتا ہے کہ ٹیکسززیادہ لاگو ہوتے ہیں۔

انہوں نے بیان میں نیشنل بینک کے اعلی حکام سے بینک عملے کی رویے اور اے ٹی ایم مشین کی خرابی کی نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر عملے کا رویہ عوام کے ساتھ درست کیا جائے اور عوام کو سہولت دی جائے بصورت دیگر سخت ترین احتجاج کیا جائیگا جسکی تمام تر ذمہ داری متعلقہ بینک پر عائد ہوگی۔