وزیر اعظم پاکستان کی دعوت پر اس سال کے آخر میں پوپ فرانسس پاکستان کا دورہ کریں گے ‘کامران مائیکل

منگل 15 مارچ 2016 16:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر جہاز رانی و بندر گاہیں سینیٹر کامران مائیکل نے کہا ہے کہ دنیا میں وہی قومیں زندہ رہتی ہیں جو اپنے شہداء کو یاد رکھتی ہیں ۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے اقلیتوں سمیت پوری قوم متحدہ ہے۔ ماضی میں دنیا کو پاکستان کا اصل چہرہ مسخ کر کے دکھانے کی کوشش کی گئی ۔ عسکری اور سیاسی قیادت نے وطن دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ۔

پاکستانی اقلیتیں ملک میں استحکام اور ترقی کیلئے پیش پیش ہیں وہ آج یوحنا آباد میں چرچ حملہ کا ایک سال مکمل ہونے والے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ، ، باب شہداء ،، کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرہے تھے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سانحہ یوحنا آباد سمیت وطن کیلئے جان دینے والے سب شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ شھداء کی قربانیا ں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور وطن عزیز میں امن کے قیام کے کیلئے جان قربان کرنے والے شہداء کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

دنیا میں وہی قومیں کامیاب اور سرخروہوتی ہیں جنہوں نے ثابت قدمی سے مشکلات کا سامنا کیا ۔ پاکستانی قوم میں مشکلات اور چیلنجز سے نمٹنے کا حوصلہ موجود ہے ایسی قوموں کو کوئی شکست سے دوچار نہیں کر سکتا ۔سینیٹر کامران مائیکل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کی دعوت پر اس سال کے آخر میں مسیحی برادری کے مذہبی رہنما پوپ فرانسس پاکستان کا دورہ کریں گے اپنے دورے میں وہ پاکستانی قیادت ، عسکری قیادت اور دہشت گردی کی جنگ کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کریں گے جس سے پاکستان کا حوصلہ مزید بڑھے گا اور دنیا میں پاکستان کا اصل چہرہ جوکہ امن اور پیارو محبت کاہے سامنے آئے گا۔

اور ان کے اس دورہ سے دنیا میں ایک اچھا پیغام جائے گا ۔ پاکستان مین دہشت گردی کی جنگ میں بہت بڑی تعداد میں جانی اور مالی نقصان بھی اٹھایا ہے دنیا پاکستان کی ان قربانیوں کی معترف ہے۔ بعد میں وفاقی وزیر متاثرہ چرچ بھی گئے اور لوگوں کے ساتھ شہداء کے لئے اجتماعی دعا میں شریک ہوئے ۔

متعلقہ عنوان :