پی سی ڈی ایم اے نے ٹیکسٹائل ایشیاء نمائش کومعاشی استحکام کیلئے کارآمدقرار دے دیا

یورپی ممالک،چین سمیت 400سے زائد غیر ملکی تجارتی وفود کی شرکت پاکستان پر اعتماد کا مظہر ہے،خواجہ عارف کپور

منگل 15 مارچ 2016 15:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 مارچ۔2016ء) پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن ( پی سی ڈی ایم اے ) کے چیئرمین خواجہ عارف کپور نے کراچی میں اختتام پذیر ہونی والی ” ٹیکسٹائل ایشیا“ نمائش کو ملک کی اقتصادی ترقی اور معاشی استحکام کیلئے اہم قرار دیا ہے ۔نمائش کے دوران غیر ملکی تجارتی وفود سے بزنس ٹو بزنس میٹنگز کو کاروباری لحاظ سے انتہائی کارآمد قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نمائش میں مجموعی طور پر یورپی ممالک سمیت 400سے زائد غیر ملکی تجارتی وفود نے شرکت کی جبکہ صرف چین سے300سے زائد تجارتی وفود نے شرکت کی جو پاکستان خصوصاً کراچی کے بہتر ہوتے حالات اور امن وامان کے حوالے سے بھرپور اطمینان کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہاکہ چین کی تجارتی کمپنیوں نے انفرادی طور پر نمائش میں سٹالز لگائے اور صنعتی خام مال سمیت دیگر مصنوعات کے بارے میں پاکستانی تاجروں کو آگاہی فراہم کی نیزپاکستان میں کاروباری سرگرمیوں کا حصہ بننے کے حوالے سے بھی دلچسپی کا اظہار کیا جو خوش آئند امر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے غیر ملکی تجارتی وفود کے ساتھ ملاقاتوں کے بعد اِس امید کااظہا رکیا کہ غیر ملکی وفود اپنے ملکوں کو لوٹنے کے بعد یقینی طور پر پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر کریں گے اوردنیا کو پاکستان کے بارے میں ایک مثبت پیغام پہنچے گا جس سے ملک میں نہ صرف غیر ملکی سرمایہ کاری بلکہ جوائنٹ وینچرز کے امکانات بھی روشن ہوں گے۔

خواجہ عارف کپور نے مزید کہاکہ پاکستانی مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینے کیلئے پاکستان خصوصاً بیرون ملک بھی صنعتی نمائشوں کا انعقاد کرنے کی ضررت ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے کاروبار و سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو اختیار کرنا چاہیے تاکہ برآمدی صنعتوں کی پیداواری سرگرمیوں کو فروغ دے کر ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ ممکن بنایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :