عوام نے کئی دہائیوں سے آزمائی جانیوالی سیاسی پارٹیوں کو دوبارہ اقتدار میں نہ لانے کا اٹل فیصلہ کر لیا‘ جمشید چیمہ

منگل 15 مارچ 2016 14:16

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 مارچ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ عوام نے گزشتہ کئی دہائیوں سے آزمائی جانے والی سیاسی پارٹیوں کو دوبارہ اقتدار میں نہ لانے کا اٹل فیصلہ کر لیا ہے ، اربوں کے کرپشن کیسز کو ختم کرنے کیلئے این آر او کی طرز پر ایک نیا ” فارمولہ “ متعارف کرانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن پی ٹی آئی ایسے کسی بھی اقدام کیخلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہو گی ۔

مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید چیمہ نے کہا کہ آ ج عوام کا کوئی پرسان حال نہیں جبکہ حکمران سب اچھا کی رپورٹ دے کر آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی والے اپنی نام نہا د کارکردگی کے بل بوتے پر دوبارہ حکومت میں آنے کے خواب دیکھ رہے ہیں لیکن عوام دونوں سیاسی پارٹیوں کو دوبارہ اقتدار میں نہ لانے کا اٹل فیصلہ کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایم کیو ایم کو چھوڑنے والے جس طرح کے سنگین الزامات لگا رہے ہیں ا س کی اعلیٰ سطحی تحقیقات ہونی چاہئیں اور اس معاملے کو منطقی انجام تک بھی پہنچانا چاہیے ۔ تحریک انصاف ایم کیو ایم کو چھوڑنے والے اراکین کے استعفوں سے خالی ہونے والی نشستوں پر ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ الطاف حسین کیخلاف اب منظر عام پر آرہے ہیں لیکن عمران خان نے اس وقت بات کی تھی جب ان کے خلاف سوچنا بھی خطرے سے خالی نہیں ہوتا تھا۔

جمشید چیمہ نے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین انٹرا پارٹی انتخابات میں مسائل پیدا کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں لیکن وہ ناکام رہیں گے۔تحریک انصاف کی اس روایت کے مضبوط جڑ پکڑنے کے بعد دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکن بھی اپنی قیادت پر انٹر اپارٹی انتخابات کیلئے دباؤ بڑھائیں گے۔

متعلقہ عنوان :