پی ایس ڈی پی کے تحت فنانس ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے 5 ارب 2 کروڑ 92 لاکھ روپے جاری

منگل 15 مارچ 2016 11:41

اسلام آباد ۔ 15 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 مارچ۔2016ء) وزارت منصوبہ بندی و ترقیات نے رواں مالی سال کے دوران سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں فنانس ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مجموعی طور پر 5 ارب 2 کروڑ 92 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔ حکومت نے رواں مالی سال میں فنانس ڈویژن کے ترقیاتی کاموں کے لئے مجموعی طور پر 12 ارب 68 کروڑ 45 لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے ہیں۔

(جاری ہے)

پلاننگ کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق حکومت نے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے گوادر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے 1 ارب 50 کروڑ، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے لئے 20 کروڑ، نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لئے 2 کروڑ 10 لاکھ روپے، گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے لئے ایک ارب 40 کروڑ، خیبر انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ اینڈ چلڈرن ہسپتال پشاور کے لئے 20 کروڑ روپے، لیاری ایکسپریس وے ری سیٹلمنٹ پراجیکٹ کراچی کے لئے 6 کروڑ روپے، سریاب پھاٹک کوئٹہ میں فلائی اوور کی تعمیر کے لئے 9 کروڑ 62 لاکھ روپے، تھرپارکر میں 50 میگاواٹ کے دو پاور پلانٹس کے لئے 36 کروڑ 22 لاکھ روپے، آٹومیٹیشن پراجیکٹ سی ڈی این ایس اسلام آباد کے لئے 37 کروڑ 60 لاکھ روپے اور بلوچستان میں اساتذہ کی تربیت اور ایلیمنٹری سکولوں کے لئے 14 کروڑ 63 لاکھ روپے سے زائد سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کر دیئے ہیں۔