سارک اجلاس نیپال میں شروع،پروگرامنگ کمیٹی کے 52 ویں اجلاس میں علاقائی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائیگا،پروگرامنگ کمیٹی کے فیصلے سارک سیکرٹری خارجہ اجلاس میں پیش کیے جائیں گے ،دونوں کمیٹیوں کے اجلاسوں کے بعد جمعرات کو وزراء خارجہ کونسل کااجلاس ہوگا،سرتاج عزیز پاکستان کی نمائندگی کریں گے ،سشما سوراج سے ملاقات کا امکان

کونسل اجلاس میں پاکستان میں ہونے والی 19ویں سارک سربراہی کانفرنس کی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا

پیر 14 مارچ 2016 22:20

کھٹمنڈو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 مارچ۔2016ء) جنوبی ایشیائی تعاون تنظیم (سارک ) کی کمیٹیوں کا اجلاس نیپال کے سیاحتی شہر پوکھرا میں شروع ہوگیا ،پیر سے شروع ہونے والا 52واں سارک پروگرامنگ کمیٹی اجلاس دو روز تک جاری رہے گا،اس کے بعد خارجہ سیکرٹری کی سطح پر 42 واں سارک سٹینڈنگ کمیٹی اجلاس ہوگا،سارک وزراء خارجہ کونسل اجلا س جمعرات کو ہوگا جس میں پاکستان میں ہونے والی 19 ویں سارک سربراہی کانفرنس کی تاریخ کا فیصلہ اور اعلان کیا جائے گا، بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج اور پاکستانی مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے درمیان آئندہ ہفتے ملاقات کا امکان ہے تاہم باضابطہ ملاقات کے بارے میں تاحال کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سیکرٹری خارجہ سطح پر قائم سارک سٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس پیر سے پوکھرا کے گرینڈ ہوٹل میں شروع ہوا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ وزراء خارجہ سطح کا اجلاس جمعرات کو ہوگا جبکہ 52 ویں سارک پروگرامنگ کمیٹی کا دو روزہ اجلاس بھی ہوگا جس میں سارک کیلنڈر کی سرگرمیوں کو اپ ڈیٹ کرنے سابقہ اجلاسوں پر عمل درآمد کا جائزہ لینے اور علاقائی امور سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

پروگرامنگ کمٹی کے فیصلے 42 ویں سارک سٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیے جائیں گے۔ کونسل اجلاس میں پاکستان میں ہونے والی 19ویں سارک سربرائی کانفرنس کی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گااجلاس میں رکن ممالک کے 6 وز را خارجہ حصہ لے رہے ہیں۔یہ اجلاس ایسے اہم وقت میں منعقد ہورہا ہے کہ اس میٹنگ کو 'منی سارک سمٹ' بھی کہا جا رہا ہے۔سارک ممالک کے سیکرٹری خارجہ اور دیگر مندوبین اجلاس میں شرکت کیلئے کھٹمنڈو کے تری بھوان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پہنچے جہاں سے انھیں خصوصی پرواز کے ذریعے سیاحتی شہر پوکھرا لے جایا گیا اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظاما ت کیے گے ہیں۔

سارک ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں پاکستان کی طرف سے مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری جبکہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج اور خارجہ سکریٹری ایس جے شنکر بھی شامل ہوں گے جبکہ افغان نائب وزیر خارجہ حکمت خلیل کرزئی بھی شرکت کریں گے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق سارک وزاراء خارجہ کانفرنس کے موقع پر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج اور پاکستانی مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے درمیان ملاقات کا امکان ہے تاہم باضابطہ ملاقات کے بارے میں تاحال کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا کا کہنا ہے کہ امور خارجہ کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز نیپال میں منعقد ہونے والے سارک کونسل کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر سارک ملکوں کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ مشیر خارجہ رواں سال اسلام آباد میں پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے 19 ویں سارک سربراہ اجلاس کے لئے سربراہان مملکت اور سربراہان حکومت کووزیراعظم نوازشریف کی طرف سے باضابطہ دعوت دیں گے۔

متعلقہ عنوان :