شاہد آفریدی کے بھارت کے حوالے سے دئیے جانیوالے بیان پرپاکستان بھر میں شدید تنقید کا سلسلہ جاری

بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ،افسوس چند صحافی پیدا ہی غلط بیانی کیلئے ہوئے ہیں‘ ٹی ٹونٹی کپتان کی سوشل میڈیا پر پوسٹ

پیر 14 مارچ 2016 17:31

شاہد آفریدی کے بھارت کے حوالے سے دئیے جانیوالے بیان پرپاکستان بھر میں ..

لاہور/کولکتہ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 مارچ۔2016ء) قومی ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کے بھارت کے حوالے سے دئیے جانے والے بیان پرپاکستان بھر میں شدید تنقید کا سلسلہ شروع ہو گیا جبکہ ٹی ٹونٹی کپتان کا کہنا ہے کہ ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ، چند صحافی پیدا ہی غلط بیانی کیلئے ہوئے ہیں۔ورلڈ ٹی ٹونٹی میں شرکت کیلئے بھارتی شہر کولکتہ پہنچنے کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہد فرید ی نے کہا تھاکہ بھارت میں ہم نے کرکٹ کو ہمیشہ بہت انجوائے کیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا تھاکہ بھارت کے لوگوں سے ہمیں بہت پیار ملا ہے اور اتنا پیار تو ہمیں پاکستان میں بھی نہیں ملا جتنا یہاں ملا۔شاہد آفریدی کے اس بیان پر پاکستان بھر میں انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور سوشل ویب سائٹس پر کرکٹ شائقین اور عوام کی طرف سے شاہد آفریدی کے بیان پر تعجب کا اظہار کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

شائقین کرکٹ کا کہنا ہے کہ آفریدی قومی ٹیم کے کپتان ہیں لیکن انکے بیانات انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہوتے ہیں۔

شاہد آفریدی نے اس تمام صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔ٹی ٹونٹی کپتان نے تازہ صورتحال پر فیس بک پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ لوگ ٹی وی پر تبصرے کرنے کے بجائے امن کی کوششیں کریں تو یقینا امن قائم ہو جائے گا، افسوس کہ کچھ صحافی معصومانہ بیان کو جان بوجھ کر غلط انداز میں پیش کرنے کیلئے ہی پیدا ہوئے، مثبت طرز عمل کا مظاہرہ کریں۔