سڑکوں اورٹریفک سگنلز کے گردونواح میں بھیک مانگنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے، چیف ٹریفک آفیسر لاہور کی ہدایت

پیر 14 مارچ 2016 16:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔14 مارچ۔2016ء) چیف ٹریفک آفیسر لاہور طیب حفیظ چیمہ نے کہاہے کہ شہر میں سکیورٹی کے پیش نظر ڈی ایس پیز، سیکٹر انچارجزسڑکوں اورٹریفک سگنلز کے گردونواح میں بھیک مانگنے والوں کیخلاف سخت کارروائی یقینی بنائیں۔انہوں نے ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ گداگروں کے خلاف کارروائی میں کسی بھی غفلت ،کوتاہی کے مرتکب اہلکاروں سے ہر گز کوئی رعایت نہ کریں اور اس سلسلے میں کارکردگی رپورٹ روزانہ دفتر ارسال کی جائے گی۔

سی ٹی اونے کہا کہ ٹریفک پولیس نے گداگری کے خلاف جاری مہم کے دوران ابتک371بھکاریوں کو حراست میں لیتے ہوئے274خواتین اور کمسن بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر دیا جبکہ97پیشہ وربھکاریوں کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرادےئے ۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں انہوں نے تما م ڈی ایس پیز کو خصوصی ہدایت کی کہ وہ اپنی نگرانی میں سڑکوں ،چوراہوں کے گردونواح میں گداگروں اور پیشہ وربھکاریوں کیخلاف موثر کاروائی کرتے ہوئے انہیں ضلعی پولیس کے حوالے کریں۔

جرائم پیشہ عناصر گداگروں کے روپ میں شہریوں کی جان ومال کے دشمن ہیں جبکہ سگنلز پر بھیک ما نگنے والوں کی وجہ سے اکثر ٹریفک پرابلم بھی پیدا ہوتی ہے ،طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ ان کیخلاف کاروائی کرنے سے ٹریفک کی روانی میں بھی بہتری آتی ہے۔چیف ٹریفک آفیسر نے شہریوں سے کہا کہ وہ بھیک مانگنے والوں کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے انہیں خیرات نہ دیں اورپیشہ ور گداگروں کی اطلاع ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915پر دے کر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

متعلقہ عنوان :