بارشوں کے باعث وفاقی دارالحکومت میں پولن کی تعدادکم، آئندہ چند روز کے دوران مزید کمی کا امکان

پیر 14 مارچ 2016 15:23

اسلام آباد ۔ 14 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 مارچ۔2016ء) حالیہ موسم بہار میں بارشوں کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولن کی تعداد 168پوائنٹس تک کم ہوگئی ہے جس سے الرجی کے مریضوں کو ریلیف ملا ہے ۔ موسمیات کے ماہرین نے کہا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ 48گھنٹوں کے بعد شروع ہونے کی توقع ہے جس سے آئندہ چند روز کے دوران پولن الرجی کے مریضوں کو مزید ریلیف ملے گا۔

اسلام آباد میں موسم بہار کے دوران پولن کی شرح میں اضافہ ہو جاتا ہے جس کے باعث سانس کی مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد کے مسائل میں اضافہ ہوجاتا ہے ۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر غلام رسول نے اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 مارچ۔2016ء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الرجی کے مریضوں کو آئندہ چند روز کے دوران پولن الرجی سے ریلیف ملے گا انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے باعث پولن کی شرح میں اضافہ متوقع ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولن الرجی کے بعض مریضوں کو دمہ اور سانس کی دیگر بیماریاں بھی لاحق ہو سکتی ہیں۔ صحت کے ماہرین نے کہا ہے کہ پولن الرجی سے متاثرہ افراد کو گردوغبار ، کیڑے مار سپرے ، تمباکو کے دھوئیں ، رنگ و روغن کی خوشبو ، پرفیومز کے استعمال ،باغوں میں سیر و تفریح اور گھروں میں قالینوں کے استعمال سے گریز کرنا چاہئے اور دوران سفر اپنی گاڑیوں کے شیشے بند رکھنے سے پولن سے تحفظ مل سکتا ہے۔