حالیہ بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے متعدد علاقے کارابطہ کٹ چکاہے‘چوہدری پرویز اشرف

پیر 14 مارچ 2016 14:59

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 مارچ۔2016ء)آزادجموں وکشمیر کے وزیر تعمیر ات عامہ وفزیکل پلاننگ چودھری پرویز اشرف نے کہاہے کہ حالیہ بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے متعدد علاقے کارابطہ کٹ چکاہے ۔جس باعث آزادکشمیر کے دورافتتادہ علاقوں میں نادرہ ٹیمیں نہیں پہنچ سکیں ،چیف الیکشن کمشنر سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ 20 مارچ کی حتمی تاریخ کوآگے بڑھائیں اور کم ازکم ایک ماہ کی توسیع کی جائے ۔

اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آزادکشمیر میں آزادانہ منصفانہ اور شفاف الیکشن کیلئے ضروری ہے کہ جن افراد کی عمر 18سال کو پہنچ چکی ہے اور جن افراد کے شناختی کارڈنہیں بنے ان افراد کے شناختی کارڈ بنانے ازحد ضروری ہیں۔اگر ایسا نہ ہواتو شفاف الیکشن مشکل ہوجائیں گے ۔

(جاری ہے)

چودھری پرویز اشرف کاکہنا تھا کہ خطہ شدید بارشوں کی لیپٹ میں ہونے کی وجہ سے عوام گھروں میں محصور ہے نادرہ کی ٹیمیں شناختی کارڈ بنانے کیلئے آزادکشمیر کے اکثراضلاع کے سینکڑوں دیہاتوں میں نہیں پہنچ سکیں، 18سال کی عمر کوپہنچنے والے افراد اور دیگر ایسے حضرات جن کے شناختی کارڈ نہیں بنے ان کے لیے 20مارچ تک کاہدف انتہائی کم ہے ۔

چیف الیکشن کمشنر موسمی صورت حال کومدنظر رکھتے ہوئے او رصاف شفاف الیکشن کے انتخابات کیلئے ضروری ہے کہ وہ شناختی کارڈ بنانے کی آخری تاریخ میں کم وبیش 1ماہ کی توسیع کریں تاکہ عوام مطمئن طریقے سے شناختی کارڈ ز جمع کرواسکیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اگر 20مارچ شناختی کارڈ بنانے کی آخری تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع ممکن نہیں تو شفاف الیکشن کاانعقاد بھی مشکل ہوجائیگا۔

انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کے متعدددیہات ایسے موجود ہیں جہاں شناختی کارڈ کے حوالے سے آگاہی ہی نہیں بھمبر سے نیلم تک کے عوام 20مارچ تک شناختی کارڈ کے ہدف کونہیں پہنچ سکتے چیف الیکشن کمشنر شدید بارشوں کے باعث متاثر ہونیوالے ناردہ ٹیموں کے کام کومدنظر رکھ کر ایک ماہ کی توسیع دیکر عوام کیلئے آسانی پیداکریں۔