پاکستان سکواش فیڈریشن مصر کے ساتھ دوستانہ میچوں کی سیریز کیلئے کراچی میں فور گلاس وال رواں ماہ کے آخر تک لگائے گی

پیر 14 مارچ 2016 13:16

پاکستان سکواش فیڈریشن مصر کے ساتھ دوستانہ میچوں کی سیریز کیلئے کراچی ..

اسلام آباد ۔ 14 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 مارچ۔2016ء) پاکستان سکوائش فیڈریشن مصر کے ساتھ دوستانہ میچوں کی سیریز کیلئے کراچی میں فور گلاس وال رواں ماہ کے آخر تک لگائے گی۔ پاکستان کے ساتھ دوستانہ میچوں کی سیریز کیلئے مصری کھلاڑیوں نے شرکت کی تصدیق کردی ہے جس میں شرکت کیلئے آئندہ ماہ 5 اپریل کو پاکستان آئیں گے۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری گروپ کیپٹن عامر نواز نے پیر کو ”اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔

14 مارچ۔2016ء“ کو بتایا کہ فیڈریشن نے پاکستان اور مصر کے درمیان دوستانہ میچوں کی سیریز کیلئے کراچی میں کورٹ لگانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ پاکستان اور مصر کے درمیان دوستانہ میچوں کے سیریز کیلئے کراچی میں فور گلاس وال کورٹ 25 سے 30 مارچ تک لگایا جائے گا جس میں دونوں ممالک کے کھلاڑی دوستانہ میچوں کی سیریز میں مدمقابل ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے درمیان میچوں کی سیریز 6 سے 8 اپریل تک کراچی میں شروع ہوگی جس کیلئے مصر کے پانچ کھلاڑیوں نے باضابطہ طور پر شرکت کی تصدیق کر دی ہے، پاکستان اور مصر کے پانچ پانچ کھلاڑیوں کے درمیان دوستانہ میچوں کی دوستانہ سیریز کھیلی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مصری کھلاڑیوں کے ساتھ دوستانہ میچوں کی سیریز کیلئے فیڈریشن 5 ٹاپ رینکنگ کے کھلاڑیوں کو میدان میں اتارے گی۔ اس سیریز کا مقصد قومی کھلاڑیوں کے کھیل میں مزید بہتری لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساؤتھ ایشین گیمز میں شرکت کے بعد مصر کے ساتھ سیریز اور دیگر بین الاقوامی ایونٹس کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ مصحف علی سکواش کمپلیکس اسلام آباد میں جاری ہے جس میں کھلاڑیوں کو فہیم گل جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دے رہے ہیں۔