چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اتحاد ضروری ہے،تمام سیاسی جماعتیں متحد ہوکرہی دہشت گردی سے نمٹ سکتی ہیں،انسانی اسمگلنگ اکیسویں صدی میں انسانی غلامی کے برابر ہے جہاں اس کے خاتمے کے لیے دنیا کی تمام قوموں کو یکسوئی سے کام کرنا ہوگا،پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا تقریب سے خطاب

اتوار 13 مارچ 2016 22:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اتحاد ضروری ہے،تمام سیاسی جماعتیں متحد ہوکرہی دہشت گردی سے نمٹ سکتی ہیں،انسانی اسمگلنگ اکیسویں صدی میں انسانی غلامی کے برابر ہے جہاں اس کے خاتمے کے لیے دنیا کی تمام قوموں کو یکسوئی سے کام کرنا ہوگا۔

اتوارکوانٹرنیشنل کانفرنس آف ایشین پولیٹیکل پارٹیز کی انسانی اسمگلنگ کے موضوع پر منعقد ہونے والی ورکشاپ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ چیلنجزسے نمٹنا کسی اکیلی سیاسی جماعت کے بس کی بات نہیں ہے بلکہ اس کے لئے اتحاد کی اشد ضرورت ہے، سیاسی جماعتیں متحد ہو کرہی دہشت گردی سے نمٹ سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ انسانی اسمگلنگ انسانیت کے ضمیر پر ایک بدنما داغ ہے اور اس ظلم کو کسی صورت بھی برداشت نہیں کیا جا سکتا کیونکہ اکیسویں صدی میں یہ غلامی کی ایک شکل ہے اور اس کو ہر صورت میں مسترد کرنا چاہیے، اس کی مذمت کرنی چاہیے اور اس کو ختم کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت پر اس دھبے کو تمام اقوام کی مشترکہ کوششوں ہی سے ختم کیا جا سکتا ہے۔

اس ورکشاپ کا اسلام آباد میں انعقاد پاکستان کی چار سیاسی پارٹیوں پاکستان پیپلزپارٹی، پاکستان مسلم لیگ(ن)، پاکستان مسلم لیگ(ق) اور پاکستان تحریک انصاف نے مل کر کیا تھا۔ جس سے یہ امید بندھی ہے کہ انسانیت کو درپیش مسائل سے ہم مشترکہ طور پر نمٹ سکتے ہیں۔ انٹرنیشنل کانفرنس آف ایشین پولیٹیکل پارٹیز دنیا کے پچاس ممالک کی 300 سے زیادہ سیاسی پارٹیوں پر مشتمل تنظیم ہے۔

دو روزہ ورکشاپ کے بعد اس تنظیم کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ انسانی اسمگلنگ کے خلاف کوششیں جاری رہیں گی۔ ورکشاپ میں ایک عملی منصوبہ بھی ترتیب دیا گیا جس میں عوام کو اس مسئلے سے آگاہ کرنا، ممالک کے درمیان سرحدوں پر تعاون بڑھانا اور انسانی اسمگلنگ کے کیسوں کے مقدمات کے فیصلے جلد کرنے کا نظام قائم کرنا ہے۔پارٹی کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ اس دور روزہ ورکشاپ میں افغانستان، آذربائیجان، بنگلہ دیش، بھوٹان، کمبوڈیا، سری لنکا، ملائشیا، میانمار، فلسطین اور پاکستان کے علاوہ دیگر متعدد ممالک کی سیاسی پارٹیوں اور بین الاقوامی تنظیموں نے شرکت کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انہیں انٹرنیشنل کانفرنس آف ایشین پولیٹیکل پارٹیز سے خاص لگاؤ ہے کیونکہ ان کی والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اس تنظیم کے بانیوں میں شامل تھیں۔