Live Updates

شریف برادران نے چھانگا مانگا میں سیاستدانوں کی قیمتیں لگائیں‘ ضمنی الیکشن میں عوام کے پیسوں سے وفاداریاں خریدی جارہی ہیں،الیکشن میں ڈٹ کر مقابلہ کریں گے‘ن لیگ کی معاشی پالیسیوں نے کسانوں کو تباہ کردیا ہے،عوام 17تاریخ کو بلے پر مہر لگائیں،ملتان میں 17کلومیٹر میٹرو بس پر 80ارب روپے خرچ کیے جارہے ہیں ، عوام کو بنیادی سہولتیں اور انصاف دینے کی بجائے اپنے کمیشن کیلئے اورنج ٹرین پر 200 ارب روپے لگائے جارہے ہیں،پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا ملتان میں این اے 153 کے انتخابی جلسہ سے خطاب

اتوار 13 مارچ 2016 22:07

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13مارچ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ضمیر کا سودا کرنے والے کبھی عوام کیلئے کھڑے نہیں ہوتے، شریف برادران نے چھانگا مانگا میں سیاستدانوں کی قیمتیں لگائیں، ضمنی الیکشن میں عوام کے پیسوں سے وفاداریاں خریدی جارہی ہیں،جلالپور پیروالا کے عوام اکیلے نہیں ہیں ہم ضمنی الیکشن میں ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، لیگی امیدوار قاسم نون پیپلزپارٹی سے لوٹا بن کر تحریک انصاف میں آیا پھر ن لیگ میں چلا گیا،17تاریخ کو عوام بلے پر مہر لگا کر ان بے ضمیر اور روایتی سیاستدانوں کو شکست دیں۔

اتوارکو این اے 153کے انتخابی مہم کے سلسلے میں جلالپورپیروالا اسٹڈیم میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شریف برادران ہمارے امیدوار کے ضمیر کو نہیں خریدسکتے۔

(جاری ہے)

ن لیگی امیدوار رانا قاسم نون نے ضمیر کا سودا کرنے والے شہباز شریف سے ٹکٹ لیا۔ن لیگ کی معاشی پالیسیوں نے کسانوں کو تباہ کردیا ہے۔کسانوں کا اتنا بر احال کبھی نہیں ہوا۔

حکومت کے ڈھائی سالوں میں عوام کا برا حال ہوگیا ہے۔17تاریخ کو جلالپورپیروالا میں نیا پاکستان بنے گا ۔انہوں نے کہا کہ ملتان میں 17کلومیٹر میٹرو پر 80ارب روپے خرچ کیے جارہے ہیں لیکن عوام کو بنیادی سہولتیں اور انصاف میسر نہیں ہے۔لوگ عدالتوں اور تھانہ کچہری میں رل رہے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے نظریاتی سیاست کا جنازہ نکال دیا ہے۔

عمران خان جلالپورپیروالا میں نظریاتی سیاست کی بنیاد رکھنے آئے ہیں۔ تحریک انصاف میں کوئی مضبوط خاندان نہیں ہے۔پورے پاکستان کی نظریں جلالپور پیروالاکے ضمنی الیکشن پر لگی ہیں۔جلالپور پیروالا میں کرپٹ سیاستدانوں کا زوال دیکھ رہاہوں۔جلالپور والوں بلے پر مہرلگا کررہو۔انہوں نے کہا کہ جلسے میں جلالپور کا جلال اور کمال دیکھا۔تحریک انصاف کی قیادت کو سلام پیش کرتا ہوں۔

انہو ں نے کہا کہ ن لیگ نے کئی بار باریاں لیں لیکن کسانوں کی حالت نہیں بدلی۔کسان پیکج سے جلالپورپیروالا کے کسانوں کو کچھ نہیں ملا۔عمران خان نے انسانیت سے ناانصافی دیکھ کر تحریک انصاف کے قیام کا فیصلہ کیا۔ْمسلم لیگ(ن) کی حکومت نے عوام کو انصاف نہیں دیا۔تحریک انصاف اقتدار میں آکر ہر شہری کو انصاف فراہم کرے گی۔جنوبی پنجاب کو اس کا حق دلا کررہیں گے۔

تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ن) ملکر لوٹ مار کررہی ہیں حکومت ترقیاتی منصوبوں پر کمیشن لے رہی ہے۔ملک میں رائج طاقت کے نظام کو تبدیل کریں گے۔پرانا نظام ظلم اور دہشت گردی کا نظام ہے۔قبل ازیں تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا ملتان پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا انہیں استقبالی جلوس کی شکل میں جلسہ گاہ لے جایا گیا۔

استقبالی جلوس کے راستے میں جگہ،جگہ شاندار استقبال کیا گیا اورقا فلے پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔پارٹی کارکنوں نے بھنگڑے ڈالے اور رقص کیا جبکہ اونٹ اور بکروں کی قربانی کا صدقہ بھی دیا گیا۔۔پارٹی چئیرمین عمران خان ، وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کی طرف سے ہاتھ ہلاکر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا گیا۔اس موقع پر کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور بھنگڑے بھی ڈالے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات