ہسپتالوں میں مفت ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو فراہمی کے نظام کو ڈیجیٹل کرنیکا فیصلہ،صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی مشن ہے،وسائل میں کمی نہیں آنے دینگے‘پنجاب حکومت نے شعبہ صحت کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ دیا ہے ، صحت عامہ کی سہولتوں کی فراہمی کے نتائج سامنے آنے چاہئیں‘صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے مقررہ کردہ اہداف کا حصول ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے،وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کا اجلاس سے خطاب

اتوار 13 مارچ 2016 21:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13مارچ۔2016ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کو علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی مشن ہے اورہم سب کو مل کر عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کو ہرصورت یقینی بنانا ہے کیونکہ دکھی انسانیت کی خدمت ایک عبادت سے کم نہیں-طبی سہولتوں کے لئے وسائل میں پہلے کمی آنے دی نہ آئندہ آنے دیں گے -شعبہ صحت کی بہتری کے لئے مقررہ کردہ اہداف کویقینی بنانے والے اضلاع کے انتظامی افسران اور ای ڈی او ہیلتھ کی حوصلہ افزائی جاری رکھی رہے گی جبکہ غیر تسلی بخش کارکردگی دکھانے والے اضلاع کے انتظامی افسران اور ای ڈی او ہیلتھ کی باز پرس ہو گی-پنجاب حکومت نے شعبہ صحت کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ دیا ہے -عوام کو صحت عامہ کی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے نتائج سامنے آنے چاہئیں -وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں چار گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،جس میں صوبے کے عوام کو صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی ، دیہی و بنیادی مراکز صحت کی کارکردگی اور تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتالوں میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا- اجلاس میں ہسپتالوں میں مفت ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو فراہمی کے نظام کو مرحلہ وار ڈیجیٹل کرنے کا فیصلہ کیا گیاجس سے ہسپتالوں میں مفت ادویات میں خردبرد کی روک تھام ہوگی اورمریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے گی-وزیر اعلی شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت عامہ کی جدید اور معیاری سہولتوں کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کے پیش نظر صوبے کی تاریخ میں شعبہ صحت کے لئے تاریخ ساز بجٹ مختص کیا گیا ہے -صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہم سب نے مل کر کام کرنا ہے -تمام متعلقہ اداروں اور محکموں کوموثر کوارڈینیشن کے تحت فرائض سرانجام دینا ہیں-وزیر اعلی نے صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے مقرر کردہ اہداف کا حصول ہر قیمت پر یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دیہی و بنیادی مراکز صحت اور تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں دکھی انسانیت کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے -دیہی و بنیادی مراکز صحت اور تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈ کوراٹر ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو تقسیم کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جائے-دیہی و بنیادی مراکز صحت میں طبی عملے کی کمی دور کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں اورصحت کے مراکز پر طبی عملے اور دیگر سٹاف کی حاضری ہر صورت یقینی بنانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے اقدامات کئے جائیں -وزیر اعلی نے بعض اضلاع میں ویکسی نیٹرز کے فرائض کی ادائیگی میں بعض امور کی تکمیل میں تاخیر پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ویکسی نیٹرز کے فرائض کی ادائیگی میں ایسی تاخیر قابل برداشت نہیں ،تاخیر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی -وزیراعلیٰ نے شعبہ صحت میں متعین کردہ اہداف کے حصول کیلئے فوری فیصلے کرنے کیلئے کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ کمیٹی انتظامی لحاظ سے مکمل خود مختار ہو گی اورصحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے کابینہ کمیٹی خود فیصلے کر کے اس پر عملدرآمد یقینی بنائے گی- وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے کیے جانے والے فیصلوں پر من وعن عملدر آمد یقینی بنایا جائے اوراس ضمن میں فعال انداز میں کام کیا جائے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں کے ویسٹ کومناسب انداز سے تلف کرنے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتالوں میں مفت ادویات کی خریداری کیلئے مزید فنڈز کے اجراء کی بھی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ مفت ادویات ہر صورت مریضوں کو ملنی چاہئیں اور ادویات کی خردبرد روکنے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔ہسپتالوں میں چالو اور خراب مشینری کا آڈٹ کرایا جائے- صوبائی وزیر خزانہ عائشہ غوث پاشا، پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر ، ایم پی اے ڈاکٹر نادیہ عزیز، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ،اعلی حکام اور طبی ماہرین نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ اور ڈی جی ہیلتھ پنجاب راولپنڈی جبکہ ایم پی اے مخدوم ہاشم جوان بخت رحیم یار خان سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے-