سابق سٹی ناظم کراچی مصطفٰی کمال کا اپریل کے دوسرے ہفتے میں جناح گراؤنڈ پر جلسہ کرنے کا اعلان، کراچی کے بعد لاہور،پشاور،گلگت بلتستان،آزادکشمیر سمیت ملک بھر کے ہر ہرگاؤں میں جائیں گے،ایف آئی اے کی طرف سے منی لانڈرنگ اور”را“ کی فنڈنگ کے کیسیز میں تعاون کی اپیل کی گئی ہے،ایم کیو ایم نے پہلی مرتبہ قیدی کارکنوں کو اپنا کہا،ایم کیو ایم کا رکن ماں کے پیٹ سے دہشتگرد اور”را“ کے ایجنٹ پیدانہیں ہوئے،جس طرح بلوچستان میں فوج سے لڑنے والوں کو پہاڑوں سے اتار کرباعزت شہری بنایا گیا اس طرح ایم کیو ایم کارکنان کو بھی واپسی کا راستہ دیا جانا چاہیئے ، انیس قائم خانی کے ہمراہ اپنی رہائش گاہ کے باہر پریس کانفرنس

اتوار 13 مارچ 2016 19:55

سابق سٹی ناظم کراچی مصطفٰی کمال کا اپریل کے دوسرے ہفتے میں جناح گراؤنڈ ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13مارچ۔2016ء) سابق سٹی ناظم کراچی مصطفٰی کمال نے اپریل کے دوسرے ہفتے میں جناح گراؤنڈ پر جلسہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کے بعد لاہور،پشاور،گلگت بلتستان،آزادکشمیر سمیت ملک بھر کے ہر ہرگاؤں میں جائیں گے،ایف آئی اے کی طرف سے منی لانڈرنگ اور”را“ کی فنڈنگ کے کیسیز میں تعاون کی اپیل کی گئی ہے،ایم کیو ایم نے پہلی مرتبہ قیدی کارکنوں کو اپنا کہا،ایم کیو ایم کا رکن ماں کے پیٹ سے دہشتگرد اور”را“ کے ایجنٹ پیدانہیں ہوئے،جس طرح بلوچستان میں فوج سے لڑنے والوں کو پہاڑوں سے اتار کرباعزت شہری بنایا گیا اس طرح ایم کیو ایم کارکنان کو بھی واپسی کا راستہ دیا جانا چاہیئے۔

وہ اتوار کو انیس قائم خانی کے ہمراہ اپنی رہائش گاہ کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے،سابق سٹی ناظم کراچی مصطفٰی کمال نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے بہت اچھا رسپانس دیاہے،ہروقت کالز پر کالز آتی رہتی ہیں،بہت سے کالز نہیں سن پاتے،جس پر ملک بھر میں سب سے معافی مانگتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ابھی ہمارا ایسا سسٹم نہیں ہے کہ سب کو جواب دے سکیں،جب معاملات ٹھیک کرلیے تو سب کو جواب دیں گے،پاکستان کے لوگوں نے ہم پر اعتماد کیا جس پر ان کے شکرگزار ہیں،بار بار روکنے کے باوجود لوگ وفود اورقافلوں کی صورت میں یہاں آرہے ہیں،ہمارے پاس یہاں جگہ کم پڑگء ہے،اب ہم دوسرے شہروں کی طرف دیکھ رہے ہیں،ہمارا اپنی ذات سے یہ وعدہ تھا کہ یہاں آکر سچ بولیں جو ہم نے بولا،لیکن جیسے اب لوگوں نے ہم سے تعاون کیا اور ہماری طرف دیکھا،ہمارے کندھوں پر بھاری ذمہ داری آپڑی ہے کہ اب ہم نے آگے جاناہے،پیچھے مڑکر نہیں دیکھنا۔

انہوں نے کہا کہ اپریل کے دوسرے ہفتے میں جلسہ کرنے جارہے ہیں،جلسے کے حوالے سے ا بھی کچھ نہیں کہوں گا،وقت بتائے کا کہ ہماری40دنوں کی جدوجہد نے کیا کھویا کیا پایا،انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کے ڈائریکٹر شاہد حیات آئے تھے،انہوں نے منی لانڈرنگ اور(را)کی فنڈنگ کے حوالے سے تعاون کی اپیل کی،ان سے ہر ممکن تعاون کریں گے۔مصطفٰی کمال نے کہا کہ فاروق ستارمجھے بھائی کی طرح عزیز ہیں،اس طرح کے لوگ کم ہی ہوتے ہیں،وہ عظیم،معصوم اورمظلوم آدمی ہیں،ان کی باتوں کا تو کوئی جواب نہیں دوں گا،البتہ انہیں دونوں ہاتھوں سے سلام کرتاہوں۔

انہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ ایم کیو ایم نے اپنے اسیر کارکنوں کو یادکیا ہے جس پر کارکنوں کو مبارکباد دیتاہوں،اسیرکارکنان رستے داروں کو ملنے بھارت گئے،وہاں سے راکے ایجنٹ بن کرآئے۔انہوں نے کہا کہ ہماراکوئی پوشیدہ ایجنڈانہیں ہے،بلوچستان میں جو لوگ پہاڑوں پر فوج سے لڑرہے تھے،انہیں بھی تو مذاکرات کے ذریعے پہاڑوں سے اتار کر باعزت شہری بنایا گیا حالانکہ وہاں بھی”را“ملوث تھی،اسی طرح ایم کیو ایم کے کارکنوں کے حوالے سے بھی کوئی راستہ نکالنا ہوگا،وہ”را“ کے ایجنٹ بن کر پیدا نہیں ہوئے،انہیں ایجنٹ بنایا گیا،میں ان کارکنوں کی سزائیں اورکیسیز ختم کرنے کا نہیں کہتا،لیکن اس کوپکڑا جائے جس نے ان کو”را“کا ایجنٹ بنایا،ان کارکنوں کا برین واش کرکے دہشت گرد بنایا گیا،ہمیں ان کو واپسی کا راستہ دیناہوگا،ایم کیو ایم کے رویے سے لگتاہے کہ وہ جیلوں میں قیدکارکنوں کی رہائی نہیں چاہتے،ہمارے پاس کارکن بے شک نہ آئیں مگر ہم یہ چاہتے ہیں کہ وہ اچھے شہری بنیں،اس موقع پر انیس قائم خانی نے ایم کیوایم کی مزیدوکٹیں گرانے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ(کل) پیر کی پریس کانفرنس میں کرسیاں گن کر اندازہ لگالیں کہ کتنی وکٹیں گریں گی۔

مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی کے بعد لاہور،پشاور،گلگت بلتستان،کشمیر سمیت پورے ملک کے ایک ایک گاؤں جاؤں گا،ہم سیاست پر سیاست نہیں کریں گے،اپنے ماننے والوں کو مخالفین کی عزت کرنے کا کہیں گے،ہم توڑنے نہیں جوڑنے کی کوشش کریں گے،ہمیں اس کلچر کو تبدیل اورنفرتوں کو ختم کرنا ہے۔