Live Updates

فیصل آباد پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن میں ضلعی صدارت کیلئے سات امیدوار انتخاب لڑنے کیلئے تیاریوں میں مصروف‘

اتوار 13 مارچ 2016 17:33

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 مارچ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے انٹراپارٹی الیکشن میں فیصل آباد ضلع کی صدارت کیلئے سات امیدوار انتخاب لڑنے کیلئے تیاریوں میں مصروف‘ پنجاب کے دوبڑے گروپ فیصل آباد میں اپنا ”راج“ کرنے کیلئے کوشاں‘ جبکہ فیصل آباد میں تحر یک انصاف مختلف گروپوں میں تقسیم ہے جوکہ چوہدری محمد سرور کے خلاف ہیں آن لائن کے مطابق انٹراپارٹی الیکشن میں ضلعی صدر کا الیکشن لڑنے کیلئے ایم پی اے خرم شہزاد‘ سابق ایم پی اے ڈاکٹر اسد معظم‘ شہباز احمد کسانہ‘ سابق ضلعی صدر رانا احمد راحیل‘ سابق ایم این اے رانا آصف توصیف‘ سابق سیکرٹری سپورٹس خالد محمود مغل اور جاوید نیاز منج نے تیاری کر رکھی ہے۔

31 مارچ تک رکنیت سازی کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی انتخابی شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی پاکستان تحریک انصاف کے انٹراپارٹی الیکشن کیلئے رکنیت سازی کا کام جاری ہے تاہم شہریوں کی طرف سے پی ٹی آئی کی رکنیت سازی مہم میں عدم دلچسپی دیکھنے میں آ رہی ہے جبکہ مقامی رہنما بڑی مشکل سے اس کام کو مکمل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

فیصل آباد میں شیخ شہزاد یونس گروپ چوہدری محمد سرور کے خلاف ہے ان کا کہنا ہے کہ چوہدری محمد سرور کے آنے سے پنجاب تحریک انصاف کمزور ہوئی ہے اس طرح پنجاب میں چوہدری محمد سرور اور شفقت محمود کے آمنے سامنے آنے کے بعد فیصل آباد میں بھی دونوں کے حامی گروپ سرگرم ہو گئے ہیں اور شہر پر اپنی اجارہ داری قائم کرنے کیلئے جوڑ توڑ شروع کر دیا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات