حبکو چیف نے حبکو کول پاور پلانٹ کے حق میں مضحکہ خیز بیان دے کر لسبیلہ عوام کی توہین کی ہے۔ترجمان لسبیلہ سول سوسائٹی

اتوار 13 مارچ 2016 17:29

حب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 مارچ۔2016ء) لسبیلہ سول سوسائٹی کے ترجمان امان اللہ لاسی نے کہا ہے کہ حبکو کے چیف ایگزیکٹوآفیسر نے حبکو کول پاور پلانٹ کے حق میں مضحکہ خیز بیان دے کر لسبیلہ کے عوام کی توہین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ حبکو کول پاور پلانٹ کی مخالفت کرنے کو واویلہ کہہ کرانہوں نے لسبیلہ کے باعزت اورغیرت مند شہریوں کی بے عزتی کی ہے ۔

امان اللہ لاسی نے کہا کہ ہمیں ایسی ترقی نہیں چاہئے جو ہمیں بیماریاں دے اور بیروزگاری دے۔ انہوں نے کہا کہ حبکو کو چیف ایگزیکٹو آفیسر نے سوشل ایکشن پلان کے بارے میں اپنے جن احسانات کا ذکر کیا ہے وہ حقائق پرمبنی نہیں ہیں انہوں نے کہا کہ وہ جن طلباء کو وظائف دینے کی بات کرتے ہیں اگر دیئے ہیں تو اپنے منظور نظر یا بااثر لوگوں کے بچوں کو وظائف دیئے ہونگے اگر ان کو غریب بچوں کو وظائف دینے ہوتے تو وہ اخبارات میں اشتہار دے کر تمام غریب طلباء و طالبات سے درخواستیں وصول کرکے مستحق بچوں کو وظائف دیتے۔

(جاری ہے)

امان اللہ لاسی نے مزید کہا کہ حبکو25سالہ تاریخ میں یہ بتائے کہ انہوں نے اب تک کتنے فیصد لسبیلہ کے لوگوں کو ملازمتیں فراہم کی ہیں وہ ان کے نام ،عہدے اور لوکل/ڈومیسائل کو اخبارات کے ذریعے مشتہر کریں تاکہ ہم کو پتہ چل سکے کہ گذشتہ 25سال میں انہوں نے کیا کارنامہ انجام دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حبکو کو ضلع لسبیلہ سے اربوں روپے کمانے کے باوجود لسبیلہ کے عوام کو بجلی فراہم نہیں کرسکی جو اب حبکو کول پاور پلانٹ سے لسبیلہ کے عوام کو فائدہ پہنچائیں گے۔

امان اللہ لاسی نے کہا کہ ہمیں ایسی ترقی نہیں چاہئے جس سے بیماریاں پھیلیں اور بیروزگاری ہو۔ انہوں نے کہا کہ لسبیلہ کے عوام نے حبکو کول پاورپلانٹ کے خلاف فیصلہ دے دیا ہے کہ کول پاورپلانٹ نامنظور ہے اور حبکو والوں کو اپنے نام نہاد احسان جتانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ امان اللہ لاسی نے کہا کہ انشاء اللہ 28مارچ کو لسبیلہ کے غریب عوام کی فتح ہوگی۔

متعلقہ عنوان :