استور،صوبائی کابینہ کے فیصلوں پر عملدرآمد سے گلگت بلتستان میں گندم بحران کا خاتمہ ہو گا،رانا فرمان علی

اتوار 13 مارچ 2016 16:50

استور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔13 مارچ۔2016ء) صوبائی وزیر بلدیات گلگت بلتستان رانا فرمان علی نے کہا ہے کہ صوبائی کابینہ کے فیصلوں پر عملدرآمد سے گلگت بلتستان میں گندم بحران کا خاتمہ ہو گا اور بنیادی مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔صوبائی کابینہ کے فیصلے کے بعد گندم اسلام آباد کے بلک ڈپو سے جگلوٹ بلک ڈپو کی بجائے تمام اضلاع کے ڈپوؤں میں آئے گی ۔

(جاری ہے)

اے پی پی سے گفتگوکے دوران انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے بلک ڈپو سے گندم براہ راست ضلعی بلک ڈپوؤں کو ملنے سے دور دراز اضلاع کے لوگوں کو بروقت ان کے گھر کی دہلیز پر فراہمی میں مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ کے فیصلے کے بعد گلگت شہر کو خوبصورت اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں گے تاکہ گلگت شہر کو ملک کے دیگر صوبائی ہیڈ کوارٹرز کی طرح تمام سہولیات فراہم کی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں یونین سیکرٹریز نہیں ہیں وہاں یونین سیکرٹریز تعینات کئے جائیں گے، جس سے یونین سطح کے عوامی مسائل کے حل میں مدد ملے گی ۔