پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک نہیں پہنچ سکا‘ جمیل ملک

اتوار 13 مارچ 2016 15:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 مارچ۔2016ء) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدر محمد جمیل ملک نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک نہیں پہنچ سکا،ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی نہ ہونا تخت لاہور کی ناکامی ہے،آج یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہا صوبہ کے مختلف شہروں میں بسوں ،ویگنوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ کے پرانے کرائے ہی وصول کئے جارہے ہیں اورٹرانسپورٹرز کرایوں میں کمی پرآمادہ نہیں،کرائے میں کمی کا مطالبہ کرنیوالے مسافروں سے غنڈہ گردی اور بدتمیزی کی جارہی ہے،بعض ٹرانسپورٹروں کا دعویٰ ہے کہ وہ حکومتی شخصیات کو منتھلی کی صورت میں بھتہ دیتے ہیں اسلئیے کرایوں میں کمی انکے لئے ممکن نہیں،گڈ گورنس کے دعویدار خادم اعلیٰ پنجاب صرف زبانی جمع خرچ سے عوام کو بیوقوف نہ بنائیں اور کرایوں میں کمی نہ کرنیوالے ٹرانسپورٹرز کیخلاف کاروائی کاحکم جاری کریں ،انہوں نے کہاپنجاب میں جنگل کا قانون رائج ہے اور کسی کی جان ،مال،عزت اور آبرو محفوظ نہیں ،کوئی جائز کام بھی بغیر رشوت نہیں ہوسکتا ،سرکاری افسران اور ملازمین ڈنکے کی چوٹ پر رشوت وصول کررہے ہیں،محمد جمیل ملک نے مطالبہ کیا کہ بسوں ،ویگنوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ میں فوری کمی کرائی جائے تاکہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچ سکے۔